• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوہلی بہترین اور سرفراز فارغ کپتان ہیں، شعیب اختر

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو دنیا کا بہترین کپتان جبکہ قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو ایک فارغ کپتان قرار دے دیا۔

اپنی حالیہ کارکردگی کے بعد قومی ٹیم کے سرفراز احمد کو بطور کپتان اور کھلاڑی شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

ادھر سابق اسپیڈ اسٹار نے بھی انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کی کپتانی پر سوالیہ نشان لگادیا۔

ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں شعیب اختر نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو دنیا کا بہترین کپتان بھی قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ویرات کوہلی نے ورلڈکپ 2015 میں جو غلطیاں کیں وہ ان سے سیکھ رہے ہیں، جس کی ایک جھلک جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بھی دکھائی دی۔

شعیب اختر نے کہا کہ ویرات کوہلی کی کپتانی میں بہتری آرہی ہے، انہیں اپنی ٹیم کا بیٹنگ آرڈر بھی تبدیل کرنا آگیا ہے، انہیں یہ بھی پتہ لگ گیا ہے کہ مجھے کسے کھلانا ہے اور کس کے ساتھ دوستی نبھانی ہے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے شعیب اختر کا کہنا تھا کہ میں نے پہلے بھی یہی کہا تھا کہ ویرات کوہلی ایک بہترین کپتان بن سکتے ہیں۔

شعیب اختر نے کہا مجھے یہ دیکھ کر افسوس ہوا کہ ویرات جیسا کپتان دنیا میں کوئی نہیں ہے، یہ سب بیکار کپتان ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ویرات کوہلی اور کین ولیمسن کے علاوہ کوئی بہترین کپتان دکھائی نہیں دیتا۔

پاکستانی کپتان کے بارے میں بات کرتے ہوئے شعیب اختر کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد کو نہ جانے کیا ہوگیا ہے، وہ چیمپئنز ٹرافی 2017 کے بعد سے گھومے ہوئے ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹ کی بقاء سے متعلق بات کرتے ہوئے شعیب اختر کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ میچز کو بچانا ہوگا، اگر اس میں کوئی بہتری نہیں لائی گئی تو کون انہیں دیکھے گا؟

انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ پاکستانی کھلاڑی بھی اسی طرح کی کارکردگی دکھائیں جیسے بھارتی کھلاڑی دکھاتے ہیں۔

شیعب اختر کا کہنا تھا کہ ہمیں ایسے کھلاڑیوں کی ضرورت ہے جو دلیری کے ساتھ کرکٹ کھیلیں اور جنہیں پیسوں کے بجائے ملک سے مطلب ہو۔

پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے تجویز دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محمد یوسف، یونس خان، راشد لطیف اور محمد وسیم جیسے سابق کھلاڑی پاکستان کرکٹ کو اوپر لے کر جاسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس دلیرانہ رویے کے ساتھ ہم 1990 کی دہائی میں بھارت کے خلاف اسی کی سرزمین پر جیتے تھے آج وہ رویہ ویرات کوہلی اٹھا کرلے گیا ہے۔

تازہ ترین