• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

بھارت نے آسٹریلیا کا ہوم گراؤنڈ پر مسلسل فتوحات کا ریکارڈ توڑ دیا

بھارتی ٹیم نے ٹیسٹ کرکٹ میں آسٹریلیا کی اپنے ہوم گراؤنڈ پر سب سے زیادہ سیریز میں مسلسل فتوحات کا ریکارڈ توڑ دیا۔

یہ ریکارڈ انہوں نے جنوبی افریقا کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں شکست دے کر توڑا۔

ویرات کوہلی کی قیادت میں بھارت ٹیم اس وقت کامیابیوں کی راہ پر گامزن ہے جبکہ اسے اپنے گھر میں دنیا کا سب سے مشکل حریف کہا جائے تو غلط نہ ہوگا اور یہی اس نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ثابت کر دکھایا۔

بھارتی ٹیم نے پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقا کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 203 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی تھی تاہم دوسرے میچ میں اس نے مہمان ٹیم کو مکمل طور پر آؤٹ کلاس کرتے ہوئے اننگز اور 137 کے بھاری مارجن سے شکست دی۔

اس فتح کے ساتھ ہی بھارت نے ہوم گراؤنڈ پر مسلسل 11 سیریز جیتنے کا عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کے پاس تھا جو 2 مرتبہ 10، 10 مسلسل سیریز میں کامیابی حاصل کرچکی ہے۔

آسٹریلیا نے نومبر 1994 سے جنوری 2001 تک مسلسل 10 ہوم سیریز میں فتح کا ریکارڈ قائم کیا تھا جبکہ جولائی 2004 سے دسمبر 2008 تک اس ایک مرتبہ پھر 10 مسلسل ہوم سیریز جیت کر اپنا ہی ریکارڈ برابر کیا۔

کوہلی دھونی سے بہتر

دوسری جانب کپتان ویرات کوہلی نے بھی اس فتح کے ساتھ انفرادی ریکارڈ اپنے نام کرلیا جبکہ اپنے ابتدائی 50 میچوں میں وہ سابق کپتان دھونی سے بہتر دکھائی دیتے ہیں۔

ویرات کوہلی کی قیادت میں بھارت کی یہ 30ویں کامیابی ہے جبکہ ابتدائی 50 میچوں میں بھارت کے کامیاب ترین کپتان مہیندر سنگھ دھونی اپنی ٹیم کو صرف 26 میچوں میں ہی کامیابی دلواسکے تھے۔

بطور کپتان اپنے ابتدائی 50 میچوں میں سب سے زیادہ فتوحات دلوانے والوں کپتانوں میں کوہلی تیسرے نمبر پر ہیں۔

اس فہرست میں آسٹریلیا کے اسٹیو وا سرفہرست ہیں جنہوں نے 37 مرتبہ اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا اس کے علاوہ رکی پونٹنگ 35 فتوحات کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

ویرات کوہلی پونے ٹیسٹ کے دوران اپنے کیریئر میں 7ویں ڈبل سنچری اسکور کی اور وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے واحد بھارتی کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔

بھارت کی جانب سے سب سے زیادہ مرتبہ ڈبل سنچری اسکور کرنے کا ریکارڈ مشترکہ طور پر سچن ٹنڈولکر اور وریندر سہواگ کے پاس تھا جو 6، 6 مرتبہ ڈبل سنچری اسکور کی۔

تازہ ترین
تازہ ترین