• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مارشل لاء کا خطرہ نہیں، پاکستان کا مستقبل صرف جمہوریت ہے، گورنر

لاہور(نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ مارشل لاء کا کوئی خطرہ نہیں پاکستان کا مستقبل صرف جمہوریت ہے۔آج بھی بھارت لائن آف کنٹر ول پر گولہ باری کر رہا ہے کشمیر یوں پر ظلم ہو رہے ہیں۔موجودہ حالات میں حکومت کی توجہ صرف مسئلہ کشمیر پر ہے اور ہم بھارت کو پوری دنیا میں بے نقاب کر رہے ہیں۔وزیراعظم عمران خان پانچ سال کیلئے وزیراعظم بنے ہیں کسی استعفےٰ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔داتا دربار سمیت پنجاب بھر میں مسلمانوں کی جتنی مقدس مذہبی درگاہیں اور مزار ہیں ان میں بھی تزئین و آرائش سمیت دیگر سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے پالیسی بنائی جا رہی ہے۔وہ اتوار کے روز عرس داتا دربار پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے اس موقعہ پر صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعید الحسن شاہ،ڈی جی اوقاف سید طاہر رضا سمیت محکمہ اوقاف اور داتادربار انتظامیہ کے لوگ بھی موجود تھے۔ایک سوال کے جواب میں گورنر نے کہا کہ اپوزیشن اور دیگر لوگ کہتے ہیں کہ تحریک انصاف مذاکرات کی سیاست نہیں کرتی اب ہم نے مذاکرات کر نے کا فیصلہ لیا ہے تو اب لوگ کہتے ہیں کہ حکومت خوفزدہ ہے اس لیے مذاکرات کر رہی ہے مگر حقیقت یہ ہے اپوزیشن کے دھر نے اور مارچ سے ہمیں کسی قسم کا کوئی خوف نہیں ملکی مفاد میں مذاکرات کررہے ہیں۔گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ کر تار پورراہداری منصوبے کا ہر صورت آئندہ ماہ افتتاح کر دیا جائیگا اور باباگر ونانک کے550ویں جنم دن کی تقریبات کی تیاریوں کو بھی حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
تازہ ترین