• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی آرمی چیف کے بیانات اپنے آقا کوخوش اور فوجیوں کو مروانے کیلئے ہیں، DG آئی ایس پی آر

بپن راوت کے بیانات اپنے فوجیوں کو مروانے کیلئے ہیں، میجر جنرل آصف غفور


کراچی(نیوزڈیسک)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے بھارتی آرمی چیف کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی آرمی چیف غیر ذمہ دارانہ بیانات دے کر علاقائی امن خطرے میں ڈال رہے ہیں، بپن راوت کے بیانات اپنے سیاسی آقا کے انتخابی مفادات کے لیے اور اپنے فوجیوں کو مروانے کے لیے ہیں، انہوں نے بھارتی فوج کو بدمعاش یا روگ فورس میں تبدیل کر دیا ہے، یہ سب پیشہ ورانہ فوجی اخلاقیات کی قیمت پر ہو رہا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سوشل میڈیا پیغام میں کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف غیر ذمے دارانہ بیانات دے کر خطے کے امن کو متاثر کر رہے ہیں۔

جنرل آصف غفور نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کے بیانات اپنے سیاسی آقا کے انتخابی مفادات کے لیے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ جعلی سرجیکل اسٹرائیک کے دعوے سے لے کر آج تک بھارتی آرمی چیف کی واحد کامیابی یہ ہے کہ انہوں نے بھارتی فوج کو بدمعاش یا روگ فورس میں تبدیل کر دیا ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کے بیانات معصوم لوگوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، پاکستان کی مسلح افواج کے ہاتھوں بھارتی فوجیوں کو ہونے والے نقصانات، نام نہاد تکنیکی غلطی کی وجہ سے ہونے والے ہیلی کاپٹر کریشز اور اپنے ہی فوجیوں کی ہلاکت، ان سب کا مقصد بھارتی آرمی چیف کا بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف بننا ہے لیکن یہ سب پیشہ ورانہ فوجی اخلاقیات کی قیمت پر ہو رہا ہے۔

قبل ازیں بھارت کے آرمی چیف جنرل بپن راوت نے الزام عائد کیا ہے کہ آزاد کشمیر پر پاکستانی حکومت کا نہیں شدت پسندوں کا قبضہ ہے جو بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں حالات کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 ختم کیے جانے سے ملک اپنے حتمی مشن کو حاصل کرنے میں کامیاب ہو گا۔

بھارتی فوج کے سابق سربراہ جنرل کری اپا کی یاد میں ایک پروگرام میں تقریر کرتے ہوئے جنرل بپن راوت نے کہا کہ دفعہ 370 ایک عارضی انتظام تھا اور اسے ختم کیے جانے کے خلاف پاکستان اچانک اس لیے آوازیں اٹھانے لگا کیونکہ جس علاقے (کشمیر اور گلگت، بلتستان)پر پاکستان نے غیر قانونی طریقے سے قبضہ کر رکھا ہے اس پر پاکستان کی حکومت کا کنٹرول نہیں بلکہ یہ دہشت گردوں کے کنٹرول میں ہے۔

تازہ ترین