وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بےسہارا بیواؤں کے قبضہ کیسز ترجیحاً اور فوری طور پر حل کرنے کا حکم دیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ ناجائز قبضہ کیسز کے جَلد حل سے عوام کو فوری ریلیف دینا چاہتے ہیں، تمام ڈپٹی کمشنر ناجائز قبضہ کیسز پر روزانہ اجلاس کریں، خود مانیٹر کروں گی۔
پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آرڈیننس 2025ء کے مکمل نفاذ کی ہدایت کی، قبضے کے خلاف فوری حکومتی اقدامات کی اطلاع عوام تک پہنچانے کے لیے مساجد میں اعلانات کیے جائیں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیرِاعلیٰ نے ہر تحصیل میں اسسٹنٹ کمشنر آفس میں بھی قبضے کی درخواستیں وصول کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اعلامیے کے مطابق مریم نواز کا گجرات، لیہ، حافظ آباد و دیگر اضلاع میں قبضے کے جَلد فیصلے نہ ہونے پر اظہارِ ناپسندیدگی کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق 3 ہفتے میں پنجاب بھر میں ناجائز قبضے کے خلاف 2919 درخواستیں موصول ہوئیں ہیں، ڈسٹرکٹ ڈسپیوٹ ریزولیشن کمیٹیوں نے 499 کیسز حل کردیے ہیں۔