مشہور پاکستانی ڈیجیٹل کریئیٹر اذلان شاہ کی ’دوسری شادی‘ کا دعویٰ پبلسٹی اسٹنٹ نکلا، سوشل میڈیا صارفین نے آڑے ہاتھوں لے لیا۔
خطرناک جانوروں کے ساتھ و لاگز بنانے سے مشہور ہونے والے اذلان شاہ نے 2022ء میں وائرل سوشل میڈیا انفلوئنسر اور ڈینٹسٹ ڈاکٹر وریشہ جاوید خان سے شادی کی تھی، جنہیں ماڈل صدف کنول سے مشابہت کے باعث بھی کافی مقبولیت ملی، جوڑے کی شادی اس وقت بھی خبروں کی زینت بنی تھی جب اذلان نے اہلیہ کو گدھا تحفے میں دیا تھا۔
حال ہی میں اذلان شاہ نے انسٹاگرام پر اعلان کیا تھا کہ میں دوبارہ شادی کر رہا ہوں اور میری اہلیہ نے اس کی اجازت دے دی ہے، اس معاملے میں میرے خاندان کو نہ گھسیٹا جائے اور میرے لیے دعا کی جائے، اذلان کے اس اعلان نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی اور صارفین نے شدید غصے کا اظہار کیا۔
شدید تنقید کے بعد اذلان شاہ نے ایک وضاحتی ویڈیو جاری کی جس میں کہا کہ میری پوسٹ کا مقصد لوگوں کو یہ بتانا تھا کہ میں دوبارہ شادی کر رہا ہوں، تاہم یہ دوسری شادی نہیں بلکہ میں اپنی اہلیہ وریشہ سے ہی دوبارہ نکاح کر رہا ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ اعلان کے بعد بعض افراد نے اسے مذاق سمجھا، کچھ نے سخت زبان استعمال کی اور کچھ نے مجھ پر طنز کیا۔
وریشہ نے بھی تصدیق کی کہ ہماری شادی کی تیسری سالگرہ قریب ہونے کے باعث ہم دوبارہ شادی کر رہے ہیں، اذلان کا اعلان کرنے کا انداز غلط تھا، جس پر ہم معذرت خواہ ہیں اور یہ تاثر دینا درست نہیں کہ وہ کسی اور سے شادی کر رہے ہیں۔
صارفین نے اس پورے معاملے کو ’سستا پبلسٹی اسٹنٹ‘ قرار دیتے ہوئے جوڑے کو آڑے ہاتھوں لے لیا، ایک صارف نے لکھا کہ میں ان دونوں کو پسند کرتی تھی لیکن یہ بہت سستا طریقہ ہے، ہر چیز پبلسٹی کے لیے کیوں؟ ایک اور نے کہا کہ یہ لوگ ویوز کم ہو جائیں تو جعلی شادی کا ڈرامہ شروع کر دیتے ہیں، جبکہ ایک صارف نے ردعمل دیا کہ اسے کونٹینٹ کہنا افسوسناک ہے، یہ محض شہرت کی بھوک ہے۔