ہالی ووڈ ستاروں کی شادیوں کے بارے میں بہت سے لطیفے اور سنجیدہ واقعات مشہور ہیں، جیسےکہ شادی کی تقریب کو ایک ہفتہ بھی نہیں گزرا کہ علیحدگی کی خبریں آنا شروع ہوجاتی ہیں۔ 2004ء میں برٹنی اسپیئرز اوران کے بچپن کے دوست جیسن الیگزینڈر کی ہونے والی شادی کی مثال ہی لے لیجیے جو کہ 55 گھنٹے سے زائد بھی نہ چل سکی۔
1998ء میں کارمن الیکٹرا اور مشہور باسکٹ بال پلیئر ڈینس روڈمین صرف 9 دن ہی ایک دوسرے کو جھیل سکے ۔ 1995ء میں مشہور سنگر شیرنے روک اسٹار گریگ آل مین سے نو دن کے اندر ہی علیحدہ ہونے کا فیصلہ کرلیا تھا، تاہم کچھ ماہ بعد دوبارہ رجوع کرلیا مگر اس کے باوجود بھی یہ رشتہ چار سال سے زیادہ قائم نہ رہ سکا۔
1994ء میں19سالہ ڈریو بیری مور نے لاس اینجلس کے 32سالہ بار اونر جرمی تھامس سے چھٹے ہفتے میں ہی علیحدگی اختیار کرلی تھی۔ پامیلا اینڈرسن اور رِک سولومن دو مہینے میں ہی ایک دوسرے سے اُکتا گئے تھے۔ پامیلااینڈرسن کی کڈ روک کے ساتھ دوسری شادی بھی 122دن سے زیادہ نہ چل سکی۔ کم کارڈیشین اور کرس ہمفریز محض72دن تک ایک دوسرے کا ساتھ نبھاسکے۔جینیفر لوپیز اور کرس جڈکو فیصلہ کرنے میں صرف 218دن لگے ۔
یہ تو ذکر تھا ہالی ووڈ کے ان جوڑوں کا، جو مختلف وجوہات کی بناء پرطویل عرصے تک ایک دوسرے کا ساتھ نہ نبھاسکے۔ اب بات کرتے ہیں ان جوڑیوںکی، جو سالہا سال سے ایک دوسرے کے ساتھ ہیں اور جب سے انہوں نے ایک دوسرے کا ہاتھ تھاما ہے، اس وقت سے ایک دوسرے پر اعتماد قائم رکھے ہوئے ہیں۔ ان خوبصورت جوڑوں میں سے چند ایک کا ذکر کرتے ہیں۔
ڈیوڈ بیکہم اور وکٹوریہ بیکہم
20سال سے ایک دوسرے پر اعتماد قائم رکھے ہوئے ڈیوڈ بیکہم اور وکٹوریہ کی ملاقات 1997ء میں ہوئی۔ اُس وقت ڈیوڈ بیکہم مانچسٹر یونائیٹڈ کیلئے کھیل رہے تھے اور وکٹوریہ مشہو ر زمانہ بینڈ اسپائس گرلز میں ’’ پوش ‘‘ کے نام سے مشہور تھیں۔ دونوں نے 1999ء میں ایک دوسرے کا ہاتھ تھاما اور آج بھی دونوں خوش وخرم زندگی بسر کررہے ہیں۔ ان دونوں کی شادی کو بھرپور میڈیا کوریج ملی۔ ان کے چار بچے بروکلین، رومیو، کروز اور ہارپر ہیں۔ وکٹوریہ آجکل فیشن ڈیزائننگ کررہی ہیں۔
کیتھرین زیٹا جونز اور مائیکل ڈگلس
کیتھرین زیٹا جونز اور مائیکل ڈگلس کی شادی کے چرچے اوراس سے جڑے تنازعے بھی کافی مشہور ہوئے۔ اس کے علاوہ اس جوڑے کی شادی کی فوٹوگرافی کے کاپی رائٹس کا بھی خوب تہلکہ مچا رہا۔ 2000ء میں ایجاب و قبول کرنےوالی اس جوڑی کے تعلقات میں 2013ء میں کچھ دراڑیں بھی آئیں لیکن دونوں نے ایک دوسرے کے ساتھ اپنے اختلافات کو بڑھاوا دینے کے بجائے سلجھانے کو ترجیح دی اور آج یہ جوڑی پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔ ان کی دو بیٹیاں ڈائلن اور کیریز ہیں۔
میرل اسڑیپ اور ڈون گمر
میریل اسٹریپ نے امریکی مجسمہ ساز ڈون گمر سے 1978ء میں شادی رچائی تھی ۔ دونوں اب تک خوش و خرم زندگی گزار رہے ہیں ، ان دونوں کے چار بچے ہیں۔ زندگی کی چھوٹی چھوٹی خوشیوں کو سمیٹتے اور چھوٹی موٹی خامیوں اور خرابیوں کو نظر اندازکرتے ہوئے میرل اسٹریپ ہمیشہ تصویر کا روشن پہلو دیکھتی ہیں۔ وہ اپنی فیملی کو مربوط رکھے ہوئے ہیں اور ڈون گمر کے ساتھ خوش وخرم زندگی گزار رہی ہیں۔
ہولی ولوبی اور ڈَین بالڈ وِن
ہولی ولوبی اور ڈَین بالڈ وِن نے 2007ء میں شادی رچائی تھی۔ ان کے تین بچے ہیری ، بیلے اور چیسٹر اپنے والدین کےساتھ ایک مطمئن و مسرور زندگی گزار رہے ہیں۔ ہولی ولوبی 1999ء سے معروف پروگراموں کی مشہور چینلز پر میزبانی کرتی آرہی ہیں۔ 2008ء میں ولوبی خیراتی ادارے ’ٹوگیدر فار شارٹ لائفز‘ کی سرپرست بنیں۔ ڈین بالڈون نے 1988ء میں ٹی وی سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ وہ ہنگری بیئر میڈیا کے شریک بانی ہیں۔