وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت مختلف اضلاع میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں میں 83 غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کی اسکریننگ اور رہائشی ریکارڈ کی جانچ جاری ہے۔
سیکیورٹی حکام نے وفاقی دارالحکومت، راولپنڈی، اٹک، مری، جہلم اور چکوال میں کارروائیاں کیں۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی میں کرایے داری قوانین کی خلاف ورزی پر گرفتاریاں اور مشتبہ سرگرمیوں کی چھان بین جاری ہے۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق اشتہاری ملزم کی گرفتاری اور منشیات و اسلحہ برآمدگی سے متعلق کارروائیاں بھی جاری ہیں۔
کارروائیوں میں پولیس، لیڈی پولیس، رینجرز، ایلیٹ پولیس سیکشنز، ڈولفن اسکواڈ اور سی ٹی ڈی اہلکار نے حصہ لیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ غیر رجسٹرڈ افغان شہریوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔