• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ساؤتھ یارکشائر، موسلادھار بارش سے سیلاب، لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا پڑا، ڈربی شائر میں خاتون ہلاک

لندن (پی اے) ساؤتھ یارکشائر، ناردرن انگلینڈ میں موسلادھار بارش، پانی بھر جانے کے بعد سیلابی صورت حال پیدا ہو گئی، جس کی وجہ سے لوگوں کو ان کے گھروں سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کرنا پڑا جبکہ ڈربی شائر میں ایک خاتون ڈوب کر ہلاک ہوگئی، وہ رائوسلی کے علاقے میں سیلابی ریلے میں بہہ گئی اور اس کی لاش دو میل دور ڈارلی ڈیل کے علاقے سے بازیاب کرلی گئی۔ سیلابی پانی سے سڑکوں پر اور ٹرینز سمیت ٹرانسپورٹ کے نظام میں بدنظمی پھیل گئی، ڈانکسٹر میں دریائے ڈان کے آس پاس کے علاقوں میں 6 سخت وارننگز جاری کی گئی تھیں اور کچھ مکینوں کو اپنے گھر چھوڑ کر نکل جانے کے احکامات بھی جاری کئے گئے، شیفیلڈ میں درجنوں لوگ جو، ایک شاپنگ سینٹر میں پھنس گئے تھے، انہیں کرسیوں اور بینچوں پر سو کر رات گزارنی پڑی۔ انگلینڈ بھر میں100 سے زیادہ فلڈ وارننگز جاری کی گئیں۔ انوائرنمنٹ ایجنسی کی فرین لو نے لوگوں سے کہا کہ یہ وارننگز جان کے خطرے کے پیش نظر ہیں۔ لہٰذا انہیں سنجیدہ لیا جائے، ناردرن انگلینڈ اور مڈلینڈز سیلابی افراتفری کی صورتحال سے دو چار ہیں، سب سے زیادہ بارش پیک ڈسٹرکٹ میں سویئنشا میں ریکارڈ کی گئی جو کہ 24 گھنٹوں میں 112 ملی میٹر تھی، شیفیلڈ کے کچھ مقامات پر 85 ملی میٹر بارش ہوئی، ریور ڈان کے قریب جن علاقوں کیلئے واننگز جاری کی گئی تھیں، ان میں بارنبی ڈن، کرک برام ود، کرک سینڈ آل، سائوتھ برام وڈ، ولو برج کیراوان سائٹ شامل ہیں، رادھرم میں پارک گیٹ شاپنگ سینٹر میں جو لوگ پھنسے ہوئے تھے، انہیں نکالنے کیلئے فائر فائٹرز نے کشتیاں استعمال کیں۔ سائوتھ یارکشائر فائر اینڈ ریسکیو سروس نے بتایا کہ ان کے ورکرز نے رات بھر کی کارروائیوں میں 100 سے زائد افراد کو ریسکیو کیا، ورکشاپ، نوٹنگ ہیمشائر میں درجنوں گھروں کو خالی کرانے کے بعد وہاں میجر انسیڈنٹ کا اعلان کیا گیا ہے، سیلاب کی وجہ سے متعدد ریل لائنز بلاک ہو گئی تھیں اور ہزاروں مسافر اپنے کام پر نہ جا سکے، میٹ آفس میٹیارالوجسٹ ایلیکس برکل کا کہنا تھا کہ اگرچہ بارش تھم رہی ہے، تاہم اس کی وجہ سے پیدا ہونیوالی دشواریاں کچھ دیر رہیں گی۔

تازہ ترین