• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوشہرو فیروز سندھ کا اہم ضلع ہےجس کے پانچ اراکین سندھ اسمبلی میں ضلع کے عوام کی نمائندگی کرتے ہیں۔ مجموعی طور پر یہاں امن عامہ کی صورت حال صوبے کے دیگر اضلاع کی بہ نسبت بہتر ہے اور جرائم کی شرح اس ضلع میں خاصی کم ہے ۔بعض اوقات سماج دشمن عناصر ضلع میں اپنی سرگرمیاں شروع کرتے ہیں لیکن پولیس ان کی بیخ کردیتی ہے۔ 

چند ماہ قبل نوشہرو فیروز میں منشیات فروشوں نے سرگرمیاں شروع کی تھیں، پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے کئی افراد کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں منشیات بھی برآمدکرلی تھیں لیکن اس برائی کا مکمل طور سے خاتمہ نہیں ہوسکا تھا۔ 

ایس ایس پی ضلع نوشہروفیروز ڈاکٹر فاروق احمد تک منشیات فروشوں کی سرگرمیوں کے بارے میں ضلع کےمختلف علاقوں سے جب عوامی شکایات پہنچیں تو انہوں نےفوری طور سے ایکشن لیا اور پولیس کو جرائم پیشہ عناصر کی مکمل بیخ کنی اور منشیات کے خلاف بھرپور کارروائیوں کی ہدایات جاری کیں۔

ایس ایس پی کی سخت ہدایات پر پولیس کی جانب سے مختلف علاقوں میں کریک ڈاؤن شروع کیا گیا۔محبت ڈیرو پولیس نے خفیہ اطلاع ملنے پر آپریشن کرتے ہوئے خا نواہن کی حدود سے ضیاالدین شیخ سے چھینا گیا ٹریکٹر اور ٹرالی برآمد کرلی۔

گرفتارملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا، جن میں ایک کلاشنکوف، پستول ، اور 10 عدد رائونڈزشامل ہیں۔ پولیس نے اسلحہ اور ٹریکٹر ٹرالی اپنے قبضے میں لے ملزمان کو تھانے منتقل کیا جہاں ان کے خلاف دو الگ الگ مقدمات درج کیے گئے جن میں سے ایک ڈکیتی و رہزنی جب کہ دوسرا سندھ آرمز ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے۔

منشیات کے خلاف تین مختلف کارروائیوں کے دوران پولیس نےانٹلی جنس معلومات کی بنیاد پر چار افراد کو گرفتار کرکےبھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلیں۔پہلی کارروائی میں درس پولیس نے منشیات کے خفیہ اڈے پر چھاپہ مار کر دو ملزمان شوکت لانگاہ اور عاشق علی کوگرفتار کرکے 40لیٹر شراب برآمد کی جب کہ ملزم عاشق علی کے قبضے سے وہسکی شراب کی چھ مزید بوتلیں برآمد ہوئیں۔ پولیس نے شراب قبضے میں لے کر ملزمان کےخلاف مورو تھانے میں مقدمہ درج کرلیا ۔ 

دوسری کاروائی میں کنڈیارو پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ایک منشیات فروش شفیق منگریو کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے دیسی شراب کی 20بوتلیں برآمد کرلیں۔ملزم کے خلاف کنڈیارو تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیاہے۔ تیسری کارروائی میں محراب پور پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئےایک منشیات فروش ملزم ندیم دایو کو گرفتار کرکے 16 لیٹر شراب برآمد کرلی۔ 

ملزم کے خلاف محراب پور تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا جب کہ محراب پور پولیس کی دوسری کارروائی کے دوران منشیات فروش آصف علی چنہ کو گرفتار کیا گیا جس کے پاس سے آٹھ لیٹر شراب برآمدہوئی ۔ اسے تھانے منتقل کرکے اس کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔ لاکھاروڈ پولیس نےدو منشیات فروشوںاعجاز چنہ اور مختار کوکو گرفتار کرکے ان کے قبضے 15لیٹر دیسی شراب کے علاوہ اسلحہ بھی برآمد کیا۔

پھل تھانہ پولیس نے ایک کارروائی میں سکندر کھوسو نامی شخص کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 1200گرام چرس برآمد کرلی جب کہ کنڈیارو پولیس نے منشیات فروش شمشاد گھانگھرو کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 300 گرام چرس برآمد کی ۔ ٹھاروشاہ پولیس نے خفیہ اطلاع پہ کارروائی کرکے، ایک شخص کو شراب سمیت گرفتار کرلیا۔گرفتار ملزم حسین بلاول منگی کی تحویل سے دیسی شراب کی چار بوتیں برآمد ہوئیں۔

27اکتوبر کو انسانی ظلم و بربریت کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا جس میں ایک دکاندار نے معصوم بچے کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا کر اس کی ٹانگ توڑ دی۔نمائندہ جنگ کو موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق ضلع نوشہرو فیروز کی تحصیل محراب پورمیں کپڑے کی دکان کے مالک مسعود چنہ کی دکان میں سے نقدی اور موبائل فون چوری ہوگیا۔ اس نے اس چوری کا الزام دکان میں ملازم 14سالہ لڑکے پر عائد کرتے ہوئے اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔ 

مسعود چنہ نے لڑکے کو پکڑ کر چارپائی سے باندھ دیا اور اسے ڈنڈے سے پیٹنا شروع کردیا۔ تشدد کے دوران بچہ چیختا رہا، دکاندار سے فریاد کرتا رہا لیکن اس نے تشدد جاری رکھااور لڑکے کی ٹانگ توڑ دی۔تشدد کی فوٹیج جب سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو ایس ایس پی نوشہروفیروز ڈاکٹر فاروق احمد نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے محراب پور پولیس کو ملزم کی گرفتاری کا حکم دیا۔ پولیس نے مسعود چنہ کو گرفتار کرکے تھانہ منتقل کردیا جب کہ زخمی بچے کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ۔

تازہ ترین
تازہ ترین