• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین کی فرم برٹش اسٹیل کو دیوالیہ ہونے سے بچائے گی

لندن( پی اے ) چین کی فرم جنگیے گروپ برٹش اسٹیل کو دیوالیہ ہونے سے بچائے گی اس حوالے سے برٹش اسٹیل اور چین کی فرم جنگیے گروپ کے درمیان طے پانے والے معاہدےکا جلد ہی اعلان کر دیا جائے گا۔ اطلاعات کے مطابق چین کے ادارے نے برٹش اسٹیل 70 ملین پونڈ میں خریدنے کامعاہدہ کیا ہے ،اس معاہدے کے نتیجے میں برٹش اسٹیل کے 4 ہزار ملازمین کی ملازمتوں کوبچانا ممکن ہوسکے گا۔خیال کیا جاتا ہے کہ حکومت قرضوں کی ضمانت اور دوسرے ذرائع سے مالیاتی تعاون کے ذریعے اس معاہدے میں مدد دے گی۔مئی میں برٹش اسٹیل کے دیوالیہ ہونے کے بعد سے سرکاری ریسیور کے ذریعے حکومت اس مل کو چلارہی ہے۔ برٹش اسٹیل کے سکن تھروپ وار ٹی سائیڈ میں کم کم وبیش 4 ہزار ملازمین ہیں جبکہ اس کے سپلائی چین میں شامل اداروں میں بھی کم وبیش 20 ہزار افراد روزگار حاصل کررہے ہیں،اس کے علاوہ فرانس اورہالینڈ میں بھی ایک ہزار افراد کاروزگار اس سے وابستہ ہے اس کو بھی معاہدے میں شامل کیاجائے گا۔توقع ہے کہ معاہدے پر دستخط کے بعد بھی کم از کم ایک ماہ تک سرکاری ریسیور ہی برٹش اسٹیل کے معاملات چلاتا رہے گا۔یوکے اسٹیل کے انڈسٹری لابی گروپ کے ڈائریکٹرجنرل گاریتھ سٹیس نے بی بی سی ریڈیو کو بتایا کہ جس ادارے کاسودا کیاگیاہے وہ ہمارے ملک کااہم اثاثہ ہے۔کیونکہ اس میں برطانیہ کی اسٹیل کاایک تہائی حصہ تیارہوتاہے خاص طورپر سکن تھروپ میں انھوں نے کہا کہ سکن تھروپ کو چلانے کیلئے بھاری سرمایہ کاری کی ضرورت ہے یہی وجہ ہے کہ چین کے ادارے جنگیے گروپ کے اعلان کے خیرمقدم کی توقع ہے۔
تازہ ترین