راولپنڈی ( وسیم اختر) بچوں کو بدفعلی کا نشانہ بنا کر پورنو گرافی کے ذریعے پیسے کمانے والی’’ انٹرنیشنل ڈارک ویب ‘‘ کے سرغنہ سہیل ایاز عرف علی کوگرفتار کرلیاگیا،ملزم خیبرپختونخوا حکومت کے محکمہ پلاننگ اینڈڈویلپمنٹ سے بطورکنسلٹنٹ منسلک ہے۔
ایس پی صدر رائے مظہر اقبال نے سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا کوبریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تھانہ روات میں غریب خاتون کے قہوہ بیچنے والے13سالہ بیٹے ’’ح‘‘ کو بدفعلی کا نشانہ بنانے والے ملزم سہیل ایاز عرف علی کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ملزم سے ابتدائی تحقیقات کی گئیں تو ملزم بدنام زمانہ’’انٹرنیشنل ڈارک ویب‘‘ کا سرغنہ نکلاجو برطانیہ اور اٹلی میں بچوں سے بدفعلی کی وارداتوں میں جیل کاٹ چکا ہے ،برطانیہ میں ملزم کو عدالت کی طرف سے باقاعدہ سزا سنائی گئی جو اس نے کاٹی،بعدازاں ملزم اٹلی میں بھی بد فعلی کرنے کے جرم میں گرفتار ہوا ،اس کا وہاں پر بھی ٹرائل ہوا،ملزم ایاز سہیل عرف علی کو برطانیہ اور اٹلی سے ڈی پورٹ کر دیا گیا۔
ایس پی نے بتایا کہ ملزم بدفعلی کے مکروہ دھندے کے دوران لائیو ویڈیو چلاتا ،برہنہ تصاویر اور ویڈیوز اپ لوڈ کر کے پورنو گرافی کے ذریعے ’’انٹرنیشنل ڈارک ویپ‘‘ سے پیسے کماتا ،ملزم جب پاکستان سے برطانیہ گیا تو اس نے بچوں کے تحفظ کے لئے قائم برطانوی ادارے میں ملازمت کی اور وہیں پراس نے بچوں کو بدفعلی کا نشانہ بنا کر ان کی ویڈیوز سے پیسے کمانے کا دھندہ شروع کیا۔
ملزم کو جب برطانیہ سے جیل بھگتنے اور اٹلی میں ٹرائل بھگتنے کے بعد دونوں ملکوں کی حکومتوں نے بچوں سے بدفعلی کے جرم میں ڈی پورٹ کیا تو اس نے پاکستان واپس آ کر بھی اپنا مکروہ دھندہ جاری رکھا۔
ملز م کے بقول وہ پاکستان میں اب تک30کے قریب بچوں کو زیادتی کا نشانہ بنا کر ان کی برہنہ ویڈیوز اور تصاویر بنانے کا اعتراف کر چکا ہے۔