جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول میں پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کوریا کے زیراہتمام یوم سیاہ کشمیر منایا گیا،جس میں بڑی تعداد میں پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کے ممبران ،انسانی حقوق کی تنظیموں کے کورین نژادافراد اور پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔اس موقعے پر عورتوں اور بچوں نے پر جوش انداز میں شرکت کی۔
سیئول اسٹیشن اسکوائیرکی فضا فلک شگاف نعروں سےگونجتی رہی۔مظاہرین سے خطاب میں پاکستان بزنس ایسو سی ایشن کےنائب صدر مہر سرور نے کہا کہ کشمیر اس دور جدید کا وہ بد قسمت حصہ ہے جس میں عورتوں بچوں سمیت اسّی لاکھ لوگوں کوجبراً بھوکا اور پیسا رکھ کرموت کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔
انسانی حقوق کی تنظیم کے سربراہ مسٹر جنگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر میں انسانیت کی تذلیل کی جا رہی ہے۔انہوں نے اقوام عالم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کہ اس ظالمانہ اقدام سے ہمارے سر شرم سے جھک گئے ہیں۔
آخر میں پاکستان بزنس ایسو سی ایشن کوریا کہ جنرل سیکریٹری صابر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج اکیسویں صدی کے دور میں جہاں خود ساختہ انسانی حقوق کے علمبرداروں کا راج ہے ان کی انسانیت پرور سوچ کو سلام کہ ایک طرف انسانیت کی بقا کی جنگ کرتے نظر آتے ہیں اوردوسری طرف اسّی لاکھ کشمیریوں کو بنا کسی جرم ان کے گھروں میں قید کر کے دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دی گئی،ستم ظریفی دیکھیں کہ سو دن ہونے کو ہیں اور مسلسل کرفیو لگا رکھا ہے۔انسانی حقوق کے چیمپئین مودی کے سامنے خاموش ہیں۔