• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لتا منگیشکر روبہ صحت، اسپتال سے گھر منتقل کردیا گیا

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)سروں کی ملکہ لتا منگیشکر جنہیں پیر کی علی الصبح جنوبی ممبئی کے معروف برج کینڈی اسپتال میں داخل کرایا گيا تھا، اب انہیں گھر منتقل کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ لتا کو سانس لینے میں دشواری پیش آ رہی تھی۔ پہلے ان کی حالت نازک بتائی گئی کیونکہ انھیں انتہائی نگہداشت کے شعبے (آئی سی یو) میں داخل کیا گیا تھا۔تاہم اب ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ’ان کی حالت بہتر ہے۔‘ لتا منگیشکر کے اہل خانہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’لتا دیدی کے سینے میں وائرل انفیکشین ہو گیا تھا۔ اس لیے انھیں ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔ اب ان کی حالت میں بہتری کے آثار ہیں۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق ان کی بھتیجی رچنا شاہ نے لوگوں کی جانب سے تشویش ظاہر کیے جانے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ لوگ سوشل میڈیا پر ان کی جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کر رہے ہیں اور لتا ٹوئٹر پر ٹرینڈ بھی کر رہی ہیں۔بھارتی اخبار نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’انھیں نمونیا ہو گیا تھا اور بایاں وینٹریکولر ناکام ہو گیا ہے۔‘لتا منگیشکر نوے کی دہائی میں قدم رکھ چکی ہیں۔ 23 ستمبر کو انھوں نے اپنا 90واں یوم پیدائش منایا تھا۔وہ بھارت کی مقبول ترین گلوکارہ ہیں جنھوں نے بھارتی فلموں میں ہزاروں یادگار گیت گائے ۔انھیں پیر کی علی الصبح دو بجےاسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ دن میں ان کی بہنیں آشا بھوسلے اور اوشا منگیشکر انھیں دیکھنے پہنچیں۔اس سے قبل اوشا منگیشکر نے بتایا تھا کہ ’لتا دیدی ابھی تک اسپتال میں ہیں اور انڈر اوبزرویشن ہیں۔ ان کی حالت میں بہتری ہے اور انھیں منگل کواسپتال سے فارغ کر دیا جائے گا۔‘واضح رہے کہ لتا ایک بھائی اور چار بہنوں میں سب سے بڑی ہیں۔
تازہ ترین