گزشتہ دنوں بحرین میں سامان حرب کی نمائش کا انعقاد کیا گیا،جس میں اسلامی عسکری اتحاد کے کمانڈر جنرل (ر) راحیل شریف نے وفد کے ہمراہ بی آئی ڈی ای سی 2019 کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ جنرل (ر) راحیل شریف کی بحرین ڈیفنس فورس کے کمانڈر انچیف فیلڈ مارشل شیخ خلیفہ بن احمد آل خلیفہ سے ملاقات ہوئی، جبکہ بحرین رائل گارڈز کے کمانڈر میجر جنرل شیخ ناصر بن حماد آل خلیفہ سے بھی ملاقات ہوئی۔ملاقات میں تعاون کو مستحکم کرنے اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات اور آئی ایم سی ٹی سی کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا،دوسری جانب سعودی عرب نے اپنا تیار کردہ فوجی ڈرون بحرین کی عالمی نمائش میں پیش کیا۔
25ممالک کی 200عسکری مصنوعات تیار کرنے والی کمپنیاں بحرین کی اسلحہ نمائش میں شریک ہوئیں۔سعودی میڈیا کے مطابق بحرینی اسلحہ نمائش کا افتتاح ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ نے کیا۔ انہوں نے اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بحرین دفاعی اور عسکری شعبے کو مضبوط بنانے کی پالیسی پر گامزن ہے اور رہے گا۔اس نمائش میں جدید ترین دفاعی ہتھیار رکھے گئے ۔
ان میں انواع و اقسام کے ڈرون ، عسکری مواصلاتی آلات، مشین گنیں اور توپیں بھی شامل تھیں۔نمائش میںسعودی پویلین بہت بڑے رقبے میں قائم کیا گیا تھا۔ سعودی عسکری صنعتوں کی جنرل کارپوریشن نے بحرین کی نمائش میں اپنے جدید ترین ہتھیار پیش کئے ۔ ان میں ایک ڈرون ہے ۔ جو 16500فٹ کی بلندی تک پرواز کرسکتا ہےسعودی پویلین میں اسلحہ کے فاضل پرزے، گولہ بارود، بکتر بند گاڑیاں اور بھاری فوجی سازوسامان رکھا گیا۔
سعودی عسکری صنعتو ںکی جنرل کارپوریشن نے ’الدھنائی‘ نامی فوجی گاڑی بھی نمائش میں رکھی ۔ مختلف قسم کے عسکری مواصلاتی آلات، ملبوسات اور فوجیوں کے زیر استعمال نجی اشیاءبھی پیش کی گئیں۔سعودی عسکری صنعتوں کی جنرل کارپوریشن نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ آئندہ مختلف ممالک میں ہونے والی اسلحہ نمائشوں میں اپنی عسکری مصنوعات پیش کرنے کے سلسلے میں پرعزم ہے۔
کارپوریشن کا ہدف یہ ہے کہ سعودی عسکری مصنوعات کو ترقی یافتہ ممالک کے ہم پلہ بنایا جائے۔نمائش میں امریکا، انڈیا، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک کے 170پویلین قائم کئے گئے تھے۔