رپورٹ... عبدالرحمٰن شاہد، کوالالمپور
سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے ہونہار طالب علم عماد العمودی نے ملائشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں منعقدہ ریاضی میں ذہانت کا عالمی مقابلہ جیت لیا ہے۔12سالہ عماد نے ریاضی کے دوسوالات آٹھ منٹ میں حل کیے ہیں۔اس مقابلے میں ان کے جڑواں بھائی معاذ دوسرے نمبر پر رہے ہیں۔فتح کے بعد عماد کا کہنا تھا کہ وہ اس مقابلے میں جیت کی توقع نہیں کررہے تھے۔
گذشتہ سال ریاضی کے اس مقابلے میں دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے پانچ ہزار نوعمر طلبہ شریک تھے لیکن اس مرتبہ ان کی تعداد تقریباً دُگنا تھی، اس لیے میں تھوڑا پریشان تھا کہ میں ان سب کا مقابلہ کیسے کر پاؤں گا کیونکہ میں اس بات پر یقین نہیں رکھتا تھا کہ مجھ میں ان جیسی قابلیت ہے۔مگر عماد العمودی 83 ممالک سے تعلق رکھنے والے 9000بچّوں کو اس مقابلے میں پچھاڑنے میں کامیاب رہے ہیں اور’’اباکس اور ریاضی ذہنی بین الاقوامی مقابلے‘‘ میں پہلے نمبر پر رہے ہیں۔
عماد اور معاذ مکہ مکرمہ سے تعلق رکھتے ہیں اور شیخ عبداللطیف خیاط انٹرمیڈیٹ اسکول میں زیر تعلیم ہیں۔ریاضی میں ذہانت کا یہ بین الاقوامی مقابلہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کوالالمپور نے منعقدکیاتھا۔