• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکٹرز کی نوازشریف کو بیرون ملک لےجانےکی وارننگ, مریم اورنگ زیب

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز نےنوازشریف کو وقت ضائع کئے بغیر بیرون ملک لےجانےکی وارننگ دی ہے۔

مریم اورنگزیب نے نوازشریف کی صحت سے متعلق بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف کی صحت کے جائزے کے لیے شریف میڈیکل بورڈ کا اجلاس ہوا ہے، محمد نوازشریف کو دن میں چار مرتبہ انسولین لگائی جارہی ہے، اسٹیرائڈز، انسولین اور دیگرادویات کی ہائی ڈوز سے نوازشریف کےجسم پر سوجن ہوگئی ہے، اُن کے جسم پر منفی اثرات پر ڈاکٹرز کو فکر مندی، پریشانی اور گہری تشویش ہے، اسٹیرائیڈزکی ہائی ڈوز سے نوازشریف کو بلڈشوگر بھی بہت زیادہ ہے، ڈاکٹرز کے مطابق جلد کچھ نہ کیا گیا تو معاملہ ہاتھ سے نکل جائے گا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ نوازشریف کے معالجین کا کہنا ہے کہ جتناوقت ضائع ہو رہا ہے، اتنا ہی صحت کی بحالی کےامکانات کم ہو رہے ہیں۔

معالجین کو تشویش ہے کہ نواز شریف کو دی گئی اسٹیرائیڈز کی ہائی ڈوز کےمنفی اثرات خطرہ بن سکتے ہیں، اسٹیرائیڈز اور ادویات کے باوجود پلیٹ لیٹس تیزی سے گر رہے ہیں جس پر معالجین کی تشویش بڑھ رہی ہے۔

مریم اورنگ زیب نے کہا کہ اسیٹرائیڈز کی ہائی ڈوزپلیٹ لیٹس کی مقدار سفرکےقابل بنانے کے لیے مجبوراً دی جارہی ہے، پلیٹ لیٹس گرنے اور مطلوبہ علاج میں تاخیر نوازشریف کے لئے خطرناک ترین ثابت ہوگا۔

انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزراء سمیت کرائے کے تمام ترجمان آج تک نواز شریف کی صحت پر سیاست کر رہے ہیں، ایک ایک لمحہ قیمتی ہے، یہ جاننےہوئے بھی حکومت دانستہ رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے۔

مریم اورنگ زیب نے مزید کہا کہ حکومت کو انسانی بنیادوں پر ہمدردی ہوتی تو 15 قیمتی دن ضائع نہ کرتی، انسانی بنیادوں پر بےحس حکومت نےضمانت دینا ہوتی تو 29 اکتوبر کو ضمانت دے دی جاتی، حکومت کے تاخیری حربے محمد نوازشریف کی زندگی سے کھیلنے کے مترادف ہیں۔

تازہ ترین