• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جب آپ اپنے گھر یا کمرے کی تزئین و آرائش کے بارے میں سوچتے ہیں تو کئی چیزیں ذہن میں آتی ہیں جیسے کہ وال آرٹ کے لیے کس چیز کا انتخاب کیا جائے، دیوار پر لٹکانے والی چیزوں کے لیول کا تعین کس طرح کیا جائے، فرنیچر کو کس طرح ترتیب دیا جائے اور کس حصے کے لیے کس رنگ کا انتخاب کیا جائے، مختصراً یہ کہ آپ کے دماغ میں بیک وقت درجنوں چیزیں گھوم رہی ہوتی ہیں۔ کرنے کے لیے اتنی ساری چیزیں ہوتی ہیں کہ آپ کو سمجھ میں نہیں آتا کہ کہاں سے اور کیسے شروع کیا جائے۔ 

ایسے میں آپ کے موبائل پر دستیاب ایپس آپ کے لیے اس کام کو آسان بناسکتی ہیں اور ان کو ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے آپ کو پیسے بھی خرچ نہیں کرنا پڑیں گے۔ ان ایپس کی بدولت آپ کو انٹیریئر ڈیزائنر کی خدمات حاصل کرنے کی بھی ضرورت نہیں پڑے گی۔

Houzz

انٹیریئر ڈیزائننگ کی یہ ایپ اینڈرائڈ اورiOS، دونوں فون پر دستیاب ہے۔ ایک معروف امریکی براڈکاسٹر اسے انٹیریئر ڈیزائننگ کا وِکی پیڈیا قرار دے چکا ہے، اس لیے جب آپ اپنے گھر یا کمرے کی تزئین و آرائش کرنے لگیں تو یہ ایپ آپ کی اولین ترجیح ہوسکتی ہے۔ اس میں ہوم انٹیریئر (اور ایکسٹیریئر) کی 16لاکھ سے زائد ہائی ریزولوشن تصاویر ہیں ، جنھیں آپ شیئر اور ان پر تبصرے کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ آپ جائزے پڑھ سکتے ہیں، 10لاکھ سے زائد پراڈکٹس میں سے خریداری کرسکتے ہیں، فیچرڈ سیل پر پیسے بچا سکتے ہیں اور اپنے کمرے کو تھری ڈی فیچر میں جاکر دیکھ سکتے ہیں کہ اگر آپ کوئی چیز اپنے کمرے یا گھر کے لیے خریدتے ہیں تو وہ کیسی لگے گی۔

iHandy Level

ہمیں یقین ہے کہiOSپر دستیاب یہ ایپ آپ کے لیے کسی ماہر انجینئرسے کم کارگر ثابت نہیں ہوگی۔ یہ ایپ آپ کے گھر میں ہر بے جوڑ، بےربط اور سائنس کے برخلاف ہوئے کام کی نشاندہی کرتی ہے۔ آپ نے دیوار پر وال آرٹ کی درست الائنمنٹ کرنی ہے، کسی چیز کی سطح کو ہموار رکھنا ہے، دیوار کی عمودی بناوٹ کی تصدیق کرنی ہےیا پھر کوئی کونہ ناپنا ہے، iHandy Level ان تمام کاموں کے لیے ایک بہترین انتخاب ثابت ہوسکتی ہے۔ یہ ایپ گھر میں فرنیچر کے لیے بہترین جگہ کا انتخاب کرنے میں بھی آپ کی رہنمائی کرسکتی ہے۔

Havenly

اگر آپ بڑی بے صبری سے کسی انٹیریئر ڈیزائنر کی تلاش میں ہیں لیکن آپ کے پاس ماہرانہ مشورے کے لیے کوئی بجٹ نہیں ہے تو iOS پر دستیاب یہ ایپ آپ کی تلاش کو ختم کرسکتی ہے۔ اس ایپ پر آپ کسی انٹیریئر ڈیزائنر کا انتخاب کریں (یا پھر آپ سے پوچھے گئے سوالات کی روشنی میں ایپ خود بخود آپ کے لیے ایک انٹیریئر ڈیزائنر کا انتخاب کردے گی)۔ وہ آپ کے ڈیزائن کو پرسنلائز اور آئیڈیاز پر اشتراک میں کام کرے گا، جس کے بعد آپ اپنے گھر یا کمرے کے حتمی ڈیزائن کا ایک تصوراتی خاکہ حاصل کریں گے۔ آپ محفوظ کیے گئے پراڈکٹس میں سے اپنی پسند کی چیزیں خرید بھی سکتے ہیں۔

MagicPlan

iOSپر دستیاب یہ ایک اور بہترین ایپ ہے۔ آپ اپنی جگہ کی صرف ایک تصویر لیں، پھر یہ ایپ اس کے لیے ایک زبردست فلور پلان ڈیزائن کردے گی۔ 

آپ اس فلور پلان کو PDF، JPG اور DXF میں ایکسپورٹ کرکے ڈیزائن پروفیشنلز، ریئل اسٹیٹ ایجنٹس یا کسی اور کے ساتھ بھی شیئر کرسکتے ہیں۔

Chairish

یہ ہوم ڈیکور کے لیے ایک بہترین اور اعلیٰ معیار کی ایپ ہے۔ یہ ایپ ان لوگوں کے لیے ہےجو اپنا فرنیچر بیچنا چاہتے ہیں۔ آپ کو بس یہ کرنا ہوگا کہ فرنیچر کی تصاویر براہِ راست اس ایپ پر اَپ لوڈ کردیں۔ 

جس کے بعد باقی کا تمام کام کمپنی خود اپنے ذمہ لے لیتی ہے، جس میں پیسوں کی ادائیگی، شپمنٹ اور دیگر چیزیں شامل ہیں۔ یہ ایپ iOSپر دستیاب ہے۔

Color Capture

یہ ایپ اینڈرائیڈ اورiOSپر دستیاب ہے۔ اس ایپ کو استعمال کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ آپ کو جہاں کہیں بھی اپنی پسند کا رنگ نظر آجائے آپ اس کی ایک تصویر بنالیں، پھر یہ ایپ آپ کو بتائے گی کہ اس کی میچنگ میں کون سا پینٹ کلر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ 

اس ایپ میں 3ہزار سے زائد رنگ موجود ہیں، اس لیے اس بات کی گارنٹی ہے کہ آپ کو اپنی پسند کے کئی پینٹ کلر مل جائیں گے۔

Morpholio Board

iOSپر دستیاب یہ ایپ انٹیریئر ڈیزائن پروفیشنلز کے لیے بہترین ہے۔ اس ایک ایپ میں موڈ بورڈز، شاپنگ لسٹ، Specificationsاور کٹ شیٹس کے آپشن کو بہترین انداز میں یکجا کیا گیا ہے، جس کے باعث پراجیکٹ مینجمنٹ بہت آسان ہوجاتی ہے۔

تازہ ترین