معروف پاکستانی سوشل میڈیا انفلوئنسر و اداکارہ دنانیر مبین کے بچپن کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
حال ہی میں اداکارہ کے بچپن کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر صارفین کی خصوصی توجہ کا مرکز بنی ہے۔
اس وائرل ویڈیو میں دنانیر مبین کو پاکستان ٹیلی ویژن کے ایک پروگرام میں میزبان کے ساتھ انتہائی پُر اعتماد انداز میں بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اداکارہ نے میزبان کو بتایا کہ میں آپ کے تمام شوز شوق سے دیکھتی ہوں اور ابھی تک آپ کے شو کی ایک بھی قسط ایسی نہیں ہے جو میں نے نہ دیکھی ہو تو کیا میں آپ کے شو کا حصہ بن سکتی ہوں؟
جس پر میزبان نے دنانیر کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ بالکل، آپ میرے شو کا حصہ بن سکتی ہیں۔
اس وائرل ویڈیو کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بہت پسند کیا جا رہا اور اداکارہ کی خوبصورتی اور اعتماد کی خوب تعریفیں بھی کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ دنانیر مبین وائرل ویڈیو’پاوری گرل‘ سے شہرت حاصل کرنے کے بعد اب تک کئی کامیاب ٹی وی ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں اور اب وہ بڑی اسکرین پر جلوہ گر ہونے کے لیے بھی تیار ہیں۔