• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاڑکانہ، کتے کے کاٹنے سے زخمی معصوم بچے حسنین کی زندگی کیلئے 48گھنٹے اہم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) لاڑکانہ میں کتے کے کاٹنے سے شدید زخمی معصوم بچے حسنین کا علاج کرنے والے میڈیکل بورڈ نے کہا ہے کہ بچے کی زندگی کے لیے 48گھنٹے اہم ہیں ۔بچے کو گہرے اور بہت زیادہ زخم آئے ہیں ۔حالت ابھی بھی خطرے سے باہر نہیں ہے۔مزید کتنی سرجری کرنی پڑیں گی یہ صورتحال دیکھ کر فیصلہ کریں گے ۔تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ صحت برائے اطفال میں بد ترین سگ گزیدگی کا شکار زیر علاج حسنین کا میڈیکل بورڈ نے ہفتے کو معائنہ کیا۔این آئی سی ایچ کے سربراہ ڈاکٹر جمال رضا اور چائلڈ سرجن ڈاکٹر محمد انور نے صحافیوں کو بتایا کہ بچے کے جبڑے کی سرجری کا پہلا آپریشن مکمل کیا لیکن اس کی حالت ابھی بھی خطرے سے باہر نہیں ہے۔حسنین کو وینٹی لیٹر پر رکھا ہوا ہے ۔ اگلے اڑتالیس گھنٹے اہم ہیں۔انھوں نے کہا کہ بچے کو صحتیاب کرنا پہلی ترجیح ہے۔ پھر مزید سرجری کی جائیں گی ۔ان کا کہنا ہے کہ حسنین کی صحت ابھی بھی تشویشناک ہے۔انفیکشن کی صورت حال کا سامنا ہے ۔ بہت زیادہ اور گہرے زخم آئے ہیں ۔سر کے پچھلے حصے کا گوشت اور ناک مکمل غائب ہے۔پورے جسم پر کتے کے کاٹنے کے نشانات ہیں اور بچے کا معائنہ جار ی ہے۔ یہ سرجری عام سرجری سے بالکل مختلف ہے۔جیسے جیسے ٹشو بہتر ہوں گے مزید سرجری کی جائیں گی ۔ پہلی ترجیح بچے کی صحت میں بہتری لانا ہے ،بچے کے زخم بہتر ہوجائے اس کے بعد آنکھوں کا تفصیلی معائنہ کریں گے ۔
تازہ ترین