• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیرہ بگٹی، این اے 259 کے 29 پولنگ اسٹیشنز میں دوبارہ ووٹنگ جاری

بلوچستان سے قومی اسمبلی کے حلقہ 259 ڈیرہ بگٹی کے 29 پولنگ اسٹیشنوں میں پولنگ جاری ہے، سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور پولنگ اسٹیشنوں پر پولیس، لیویز اور ایف سی کے ساتھ ساتھ پاک فوج کے اہلکار بھی تعینات ہیں۔

الیکشن کمیشن حکام کے مطابق حلقہ این اے 259 ڈیرہ بگٹی کے 29 پولنگ اسٹیشنوں پر صبح 8 بجے پولنگ کا آغاز ہوا، پولیس اور ایف سی پولنگ کے دوران سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔

29 پولنگ اسٹیشنوں میں 111 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، جن میں 65 مردوں اور 46 خواتین ووٹرز کے پولنگ بوتھ شامل ہیں، جبکہ ان پولنگ اسٹیشنز میں کل ووٹرز کی تعداد 47 ہزار 269 ہے۔

ان 29 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 18 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی نے بتایا ہے کہ پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے لیے مجموعی طور پر 20، 20 اہلکار تعینات ہیں، جن میں پولیس، لیویز، ایف سی کے ساتھ ساتھ پاک فوج کے اہلکار بھی شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس، لیویز اور ایف سی کی کیو آر ایف پولنگ کے دوران گشت پر مامور ہے۔

این اے 259 میں الیکشن میں حصہ لینے والوں کی تعداد 31 ہے، نمایاں امیدواروں میں جمہوری وطن پارٹی کے شاہ زین بگٹی، آزاد امیدوار طارق محمود کھیتران اور پیپلز پارٹی کے باز محمد کھیتران شامل ہیں۔

این اے 259 سے 2018ء  کے عام انتخابات میں نوابزادہ شاہ زین بگٹی کامیاب ہوئے تھے تاہم طارق کھیتران کی جانب سے حلقے کے 29 پولنگ اسٹیشنوں پر الیکشن نتائج کو چیلنج کیا گیا تھا۔

سپریم کورٹ نے طارق کھیتران کی درخواست پر ان پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کا حکم دیا تھا۔

تازہ ترین