• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشقیں ختم، جنگ کا انتظار، پاکستان کرکٹ ٹیم کا برسبین میں بسیرا

ابوظبی (نمائندہ خصوصی) پاکستانی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کے خلاف پہلا ٹیسٹ کھیلنے کے لئے اتوار کو پرتھ سے برسبین پہنچ گئی ہے۔ دو پریکٹس میچز کی مشقیں ختم ہوگئیں اور اب اصل جنگ کے انتظار میں شاہینوں نے برسبین میں بسیرا کرلیا ہے۔ جہاں پہلا ٹیسٹ میچ جمعرات سے وولن گابا میں شروع ہوگا۔ پرتھ میں پاکستان نے دو سائیڈ میچ کھیلے۔ پیر کو پاکستانی ٹیم اظہر علی کی کپتانی میں پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی۔ پی سی بی نے اعلان کیا ہے کہ پیر کو ٹیسٹ اوپنر شان مسعود، منگل کو ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بدھ کو کپتان اظہرعلی پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا نے جیمز پٹنسن کو پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے قبل معطل کردیا ہے۔ جیمز پٹنسن کوکرکٹ آسٹریلیا کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر معطل کیا گیا ہے۔ انہوں نے شیفلڈ شیلڈ کے میچ میں کوئنز لینڈ کے کھلاڑی کے خلاف نامناسب زبان استعمال کی تھی۔ وکٹوریہ کی طرف سے کھیلتے ہوئے پٹنسن سال میں پہلے بھی دو بار خلاف ورزی کر چکےتھے۔ انہیں اٹھارہ ماہ میں دو معطلی کے پوائنٹس ملنے پر پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سے باہر کیا گیا ہے۔ جیمز پیٹنسن کا کہنا ہے کہ میچ کی گرما گرمی میں ہونے والی حرکت پر معذرت خواہ ہوں، افسوس ہے کہ پہلا ٹیسٹ میچ نہیں کھیل پاؤں گا لیکن قوانین سب کے لیے ہیں، اپنی غلطی اور سزا کو قبول کرتا ہوں۔ کرکٹ آسٹریلیا نے پیسر جیمز پیٹنسن کے جرم کی تفصیلات تو نہیں بتائیں تاہم اتنا ضرور آگاہ کیا ہے کہ انہوں نے وکٹوریا اور کوئنز لینڈ کے درمیان ڈومیسٹک میچ میں فیلڈنگ کے دوران حریف کھلاڑی کے ساتھ بدزبانی کی ہے۔دریں اثنا آسٹریلین میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم جو دو روزہ میچ میں نوجوان پلیئرز پر مشتمل کرکٹ آسٹریلیا الیون کے خلاف میچ میں متاثر نہیں کرسکی، اسے سخت ترین میزبان ٹیم سے نمنٹے میں مشکل ہوسکتی ہے۔

تازہ ترین