• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لائیوسٹاک ایکسپو‘معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کریگا‘مٹھا خان

کو ئٹہ (خ ن)صوبائی مشیر لائیو سٹاک مٹھا خان کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان لائیو اسٹاک ایکسپو 2019 صوبے کی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کرے گا ، لائیو سٹاک کا شعبہ ہمیشہ سے اہمیت کا حامل رہا جوصوبے کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، بلوچستان کے رہنے والے صدیوں سے اس شعبے سے منسلک ہیں اور قدیم روایتی طریقے سے گلہ بانی کے شعبے میں کام کر رہے ہیں ،ضرورت اس امر کی ہے کہ اس شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے تاکہ پیداوار کو بڑھا یا جاسکے اور لائیو اسٹاک مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ ممکن ہو جو یقیناً زرمبادلہ میں بھی اضافے کا باعث ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت لائیواسٹاک کی ترقی اور اسے مزید فعال و موثر بنانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور وزیر اعلی جام کمال کے وژن کے مطابق لائیوسٹاک ایکسپو 2019 کے ذریعے اس شعبے سے منسلک افراد کے ساتھ عام آدمی کو اسکی اہمیت و افادیت اور معاشی ترقی میں اس شعبے کے کردار سے روشناس کرایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کی اس شعبے میں دلچسپی خوش آئند ہے اور بلوچستان لائیو اسٹاک ایکسپو 2019 اس کی ترقی کے لئے سنگ میل ثابت ہوگا جس سے اس شعبے میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھنے والو ں کو لائیوسٹاک بلوچستان کے پوٹینشل سے بھی آگاہ کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپو 2019 کے انعقاد کا بنیادی مقصد سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بحال کرنا ہے اور اس مقصد میں ہم کافی حد تک کامیاب بھی ہو چکے ،۔کیونکہ نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک سے بھی اس شعبے سے منسلک افراد کوئٹہ پہنچ چکے ہیں اور اپنی رجسٹریشن کا عمل بھی مکمل کر چکے ہیں۔
تازہ ترین