• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہراسگی اسکینڈل‘ملزمان کو گرفتاری تک خاموش نہیں رہیں گے‘بی ایس او

کوئٹہ(پ ر) بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی ترجمان نے جاری بیان میں کہا ہے کہ جامعہ بلوچستان ہراسگی اسکینڈل پر خاموشی بلوچستان کی قومی غیرت ،ننگ و ناموس اور خواتین کی تعلیم کے ساتھ سنگین قومی جرم ہوگا، جب تک ملزمان کو کیفر کردار تک نہیں پہنچایا جاتا ،بی ایس او کسی صورت خاموش نہیں رہے گی۔ اسمبلی کمیٹی کی سفارش کے باوجود یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج نہ کرنا ملزمان کی پشت پناہی اور ادارے کے تعلیمی ماحول کے ساتھ سنگین مذاق ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے اسکینڈل کے بعد یونیورسٹی کے ماحول سے متعلق والدین اور طالبات کی بداعتمادی کو ختم کرنے کے لئے تاحال کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں کئے گئے بلکہ یونیفارم کا ایشو بنا کر صرف طلباء و طالبات کے احتجاج کا رخ دوسری طرف موڑنے کی کوشش کی گئی، بی ایس او تعلیمی اداروں میں ڈسپلن اور حقیقی طور پر تعلیمی بہتری کے لئے اقدامات کی مخالفت نہیں کرتی ،انتظامیہ بجائے سنجیدہ اقدامات کرنے کے صرف وقت گزار رہی ہے، انہوں نے کہا کہ اگر جلد ملزمان کی گرفتاری اور اسکینڈل کے بعد پیدا شدہ بداعتمادی کی فضاء کو ختم کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات نہیں کئے گئے تو بی ایس او شدید لائحہ عمل کا اعلان کرے گی ۔
تازہ ترین