• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میئر لندن کا مسلسل چوتھے سال ٹرانسپورٹ کرائے منجمد رکھنے کا اعلان

لندن (پی اے) میئر لندن صادق خان نے ایک اور سال کیلئے ٹرانسپورٹ فار لندن (ٹی ایف ایل) کے کرایوں کو منجمد رکھنے کی تصدیق کر دی۔ اس طرح چوتھے سال ٹرانسپورٹ لندن کےکرایوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔ میئر لندن نے کہا کہ 2020 کے اختتام تک بسوں اور ٹرامز کے تمام کرایوں کے علاوہ سنگل پے ٹیوب اور ڈی ایل آر کے موجودہ کرائے برقرار رہیں گے۔ صادق خان نے مئی 2016 میں میئر لندن بننے کے بعد یہ اعلان کیا تھا کہ وہ کرایوں کو منجمد رکھیں گے اور ان کا یہ اقدام اسی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ کرایوں کے انجماد کے اس اعلان میں یومیہ اور ہفتہ وار پرائس کیپس بشمول ہفتہ وار، ماہانہ اور سالانہ ٹریول کارڈز کو شامل نہیں کیا گیا، حکومت کی ٹرین آپریٹرز کے ساتھ طے کردہ ریگولیشنز کے تحت ان کرایوں میں اضافہ ہوگا، جس کا مطلب یہ ہے کہ وہ جولائی کے آر پی آئی افراط زر کی پیمائش کے مطابق 2.8 فیصد بڑھیں گے۔ میئر صادق خان نے کہا کہ میں آئندہ جنوری سے ٹرانسٹورٹ فار لندن (ٹی ایف ایل) کے کرایوں کو ایک بار پھر منجمد کر رہا ہوں، اس طرح میں نے چوتھے سال کرایوں کو منجمد کردیا ہے۔ میرے 1.50 پونڈ کے ہوپر فیئر کے ساتھ، جو لوگوں کو ایک گھنٹے میں مفت بس اور ٹرام سفر میں لامحدود تبدیلیوں کی سہولت دیتا ہے، ہم لندن کے لاکھوں افراد کیلئے ٹرانسپورٹ کو زیادہ ایفورڈ ایبل بنا رہےہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پتہ چلتا ہے کہ لیبر انتظامیہ کیا کر سکتی ہے۔ جب بورس جانسن میئر تھے تو انہوں نے ٹی ایف ایل کرایوں میں حیرت انگیز 42٪ کا اضافہ کیا تھا۔ 2016 کے بعد سے ٹوری حکومت نے شدید رش اور تاخیر کے باوجود نیشنل ریل فیئرز میں 10 فیصد سے زیادہ اضافے کی اجازت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر میں ٹرانسپورٹ کرایوں کو منجمد کر سکتا ہوں اور ٹی ایف ایل سروسز پر بہتر سہولت مہیا کر سکتا ہوں تو پھر یہ توہین آمیز ہے کہ ٹوری حکومت ناکام پرائیویٹ ریل کمپنیز کو کرایوں میں اضافے کی اجازت دے رہی ہے۔ ٹرانسپورٹ فار لندن کے ڈائریکٹر آف سٹریٹیجی سشی ورما نے کہا کہ ہم لندن میں ٹرانسپورٹ سروس کو عوام کیلئے ایفورڈایبل اور آرام دہ بنانے کیلئے مخلص اور پر عزم ہیں۔ لاکھوں افراد بس، ٹیوب اور ریل سروسز سے لندن بھر میں سفر کرتے ہیں۔
تازہ ترین