• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز کو جانے دیتے، عدالت کی بجائےکریڈٹ عمران کو ملتا، وزیرق لیگ

کراچی(جنگ نیوز) وفاقی وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ عمران خان نواز شریف کو جانے دیتے تو عدالت کو ملنے والا کریڈٹ انہیں مل سکتا تھا، عدالت نے نواز شریف کی واپسی کی گارنٹی اس شخص سے لی جس کا بیٹا، داماد، بھتیجا مفرور ہے،صوبے بنیں گے تو جنوبی پنجاب اور بہاولپور دونوں بنیں گے۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میرسے گفتگو کررہے تھے،ن لیگ کے رہنما محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ آصف زرداری کو ریلیف مل جائے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں عمران خان فارن فنڈنگ کیس میں اسکروٹنی کا عمل پندرہ دن میں مکمل کروائیں تب ہی ریاست مدینہ کی مثال دیتے اچھے لگیں گے۔پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ سیاست میں تلخیاں پیدا کرنے میں عمران خان کا بڑا کردار ہے، پالیسیوں پر پنجاب کا واضح اثر ہے چھوٹے صوبوں کی سوچ کو نظرانداز کردیا جاتا ہے۔ طارق بشیر چیمہ نے مزید کہا کہ انصاف ہر ایک کیلئے یکساں ہونے کا وزیراعظم کا مطالبہ درست ہے،ججوں کو فون آتے رہے ہیں،نواز شریف وزیراعظم تھے تو بینظیر بھٹو ایک دن میں تین تین پیشیاں بھگتتی تھیں عدالت نے اس شخص سے سادہ کاغذ پر گارنٹی لی جس کا بیٹا، داماد، دوبھتیجے مفرور ہیں اور وہ خود ضمانت پر ہے،مولانا فضل الرحمن کو ق لیگ نے واپس بھیجا،ہماری قیادت جس کے ساتھ ہوتی ہے منافقت نہیں کرتی،ہمارا اتحاد پی ٹی آئی کے ساتھ نہیں وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ہے، جب تک عمران خان کو ہماری ضرورت ہے ہم دستیاب ہیں وزیراعظم کو میٹنگ میں کہہ دیا تھا کہ مونس الٰہی وزارت کے امیدوار نہیں ہیں،جنوبی پنجاب والوں کا اپنا صوبہ بنانے کا مطالبہ جائز ہے،وزیراعظم نے وعدہ کیا تھا جب تک اتفاق رائے پیدا نہیں کرتے نئے صوبے کیلئے پیشرفت نہیں کریں گے، پنجاب اسمبلی کی متفقہ قرارداد میں وفاقی حکومت سے بہاولپور اور جنوبی پنجاب کو الگ الگ صوبے بنانے کا مطالبہ کیا جاچکا ہے، ملتان کے ساتھ بہاولپور میں بھی سیکرٹریٹ بنایا جائے۔محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ پی ٹی آئی فنڈنگ کیس پچھلے چار سال سے الیکشن کمیشن میں تاخیر کا شکار ہے،اعتزاز احسن چیف جسٹس کی گاڑی پر چڑھ کر جو باتیں کرتے تھے وہ آج نظر نہیں آتیں حکومت نے معیشت کی طرح پارلیمنٹ کو بھی بری طرح چلایا،اسپیکر اسد قیصر نے پارلیمنٹ اچھی طرح چلانے کی کوشش کی تو اسی ٹولے نے ان پر دباؤ ڈال کر ایوان کا ماحول خراب کروایا۔ مصطفی نواز کھوکھرنے کہا کہ پچھلے دس دنوں میں حکومت اور وزیراعظم کو اپنے بیانیہ پر سمجھوتہ کرنا پڑا ہے، باتیں کھلیں گی تو پتا چلے گا کہ مزید کیا کیا ان سے لے لیا گیا ہے، عمران خان پہلے بھی غیرسنجیدہ اور معیوب گفتگو کرتے رہے ہیں عمران خان سیاسی مخالفت کو اس جگہ پر لے گئے جہاں اخلاقیات کا کوئی وجود نہیں ہے، وہ جیسے بھی بنے وزیراعظم بن گئے ہیں ۔

تازہ ترین