• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قیمتیں کم کرنے کی بجائے 15 سے زائد دواسازکمپنیاں عدالت چلی گئیں

اسلام آباد (بلال عباسی) وزیراعظم کی ہدایات کے باوجود دوائوں کی قیمتوں میں کمی نہیں آسکی دوائوں کی قیمتیں کم کرنے کے بجائے 15 سے زائد کمپنیاں عدالت چلی گئی ہیں۔ ممبر کمیٹی رمیش لال نے کہا کہ پچاس کروڑ روپے منی لانڈرنگ ہوئی،کمپنیوں نے پچاس کروڑ وائٹ منی کر لی بدنام سیاستدان ہو رہے ہیں۔ منگل کو قومی اسمبلی کی سب کمیٹی برائے قومی صحت کا اجلاس کنوینئر ڈاکٹر نثار چیمہ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ادویہ ساز اداروں نے قائمہ کمیٹی میں ادویات کی قیمتوں پر بریفنگ دینے سے انکار کر دیا۔ڈریپ حکام نے بتایا کہ جنیریک ادویات بھارت میں پاکستان کی نسبت سستی ہیں جبکہ بھارت میں ویکسین بہت سستی ہے۔ ادویہ ساز کمپنیوں کی ایسوسی ایشن پی پی ایم اے نے کمیٹی میٹنگ میں شرکت سے انکار کر دیا۔ سی ای او ڈریپ عاصم رئوف نے کمیٹی اجلاس میں انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر ادویات کی قیمتوں میں کمی کے حکم کے باوجود کمپنیوں نے قیمتیں کم نہیں کیں اور پندرہ کمپنیاں قیمتوں میں کمی کے خلاف عدالت میں چلی گئیں۔ اجلاس کے دوران ڈریپ حکام نے بتایا کہ جنیریک ادویات بھارت میں پاکستان کی نسبت سستی ہیں جبکہ بھارت میں ویکسین بہت سستی ہے۔ ڈریپ سربراہ کے مطابق تمام دواؤں کا معیار نہیں چیک کر سکتے، رینڈم کوئی بھی دوا ٹیسٹنگ کیلئے بھیج دیتے ہیں۔
تازہ ترین