• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی،SHO کے بعد ہیڈمحررز کی تعیناتی کیلئے امتحانات

کراچی کے ضلع وسطی کے تھانوں میں مستند ہیڈ محررز کی تقرری کے لیے انٹرمیڈیٹ کوالیفائی اسسٹنٹ سب انسپکٹر کے پہلے بیج کے امتحانات اور انٹرویوز مکمل ہوگئے ہیں۔ جس کے لیے صرف ضلع وسطی ہی نہیں بلکہ پورے کراچی سے پولیس افسران کو موقع دیا گیا تھا۔

ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ کے مطابق اس امتحان میں 18 پولیس افسران شریک ہوئے جن میں سے 8 پاس ہونے میں کامیاب ہوسکے ہیں، ضلع جنوبی سے دو افسران نے امتحان میں حصہ لیا اور دونوں پاس ہوگئے۔ ضلع غربی سے 6 پولیس افسران نے امتحان میں حصہ لیا جن میں سے 3 پاس ہوئے۔

ویسٹ ہیڈ کوارٹر سے ایک امیدوار امتحان کے لیے آیا جو کامیاب نہیں ہوسکا جبکہ ڈسٹرکٹ سینٹرل سے 9 امیدواروں نے امتحان میں حصہ لیا جن میں سے 3 پاس ہونے میں کامیاب ہو سکے۔

کراچی میں امتحانات اور انٹرویو کے بعد ایس ایچ اوز کی تقرری کا سلسلہ ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے شروع کیا تھا جس کی کامیابی کے بعد کراچی کے تمام اضلاع میں ہیڈ محررز کی تعیناتی کے لیے بھی امتحانات اور انٹرویو لینے کا فیصلہ کیا گیا جس پر اب عملدرآمد کیا جارہا ہے۔

ضلع وسطی کے امتحانات کے چیئرمین ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ ہیں جبکہ امتحانی کمیٹی میں ایس پی انویسٹیگیشن، ایس پی نیو کراچی، اے ایس پی شادمان ٹاؤن اور ڈی ایس پی گلبرگ شامل ہیں۔

ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ کے مطابق مختلف تھانوں میں پہلے سے تعینات ہیڈ ماسٹرز کو فوری طور ہٹایا نہیں جا رہا ہے بلکہ مرحلہ وار نشستیں خالی ہونے پر امتحان پاس کرنے والے پولیس افسران کو ہیڈ محرر تعینات کیا جائے گا۔

تازہ ترین