• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ کے زیر اہتمام محفل میلادالنبیﷺ

آئرلینڈ(فرخ وسیم بٹ ) تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ کے زیر اہتمام چوہدری منظور خان کی رہائشگاہ لمرک میں محفل میلادالنبیﷺ کا انعقاد کیا گیا جس میں تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ کے قائدین و کارکنان کے علاوہ عاشقان مصطفیؐ نے شرکت کی ۔محفل کا آغاز حافظ گل نواز خان نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ ثناخوان مصطفیؐ راجہ طاہر قادری، عمران صدیقی اور منہاج نعت کونسل کے مرکزی نعت خواں علی بٹ قادری نے نبی اکرمﷺ کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے ۔ لمرک مسجد کے امام و خطیب حافظ گل نواز خان اور تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ کے سوشل میڈیا سیکرٹری فیاض احمد نے میلاد پاک اور ایمان و تقویٰ کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کی عبادت و بندگی کا ہر وہ طریقہ اور ایمان و تقویٰ کا ہر وہ معیار جو قربت خداوندی کا ذریعہ بن سکتا ہے اس کی قبولیت اور تصدیق بارگاہ نبویﷺ سے ہی وابستہ ہے اس لیے قرآن بار بار اس حقیقت کو واضح کرتا ہے کہ آپﷺ کی اطاعت میں اللہ کی اطاعت ہوگی۔ آپﷺ سے محبت اللہ سے محبت کی کسوٹی ہوگی، آپﷺ کی رضا ہی رضائے الٰہی کا مظہر ہوگی، آپﷺ کی عطا و بخشش ہی اللہ کی عطا و بخشش کا سبب بنے گی آپﷺ کی نافرمانی اللہ تعالی سے نافرمانی قرار پائے گی۔محفل کے آخر میں تمام شرکاء نے حضور نبی اکرمﷺ کی بارگاہ اقدس میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا۔ تمام امت مسلمہ، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی، کشمیر کی آزادی اور ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت و سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔ میزبان چوہدری منظور خان نے محفل میں شرکت پر شرکاء سے اظہار تشکر کیا۔
تازہ ترین