• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حمزہ عباسی نے ہدایت کاری کے میدان میں قدم رکھ دیا

گزشتہ ماہ شوبز انڈسٹری سے عارضی طور پر کنارہ کشی اختیار کرنے والے حمزہ علی عباسی اداکار ہمایوں سعید کی حب الوطنی کے موضوع پر فلم کی ہدایت کاری کریں گے۔

اپنے ایک انٹرویو میں ہمایوں سعید نے اپنے دوست اور سابق اداکار حمزہ علی عباسی کی ہدایت کاری کی دنیا میں قدم رکھنے کی تصدیق کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلم ’میں ہوں آفریدی‘، ’جوانی پھر نہیں آنی‘، ’وار‘ اور فلم ’لیجنڈ آف مولا جٹ‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار حمزہ علی عباسی اب بطور ہدایت کار کام کریں گے۔

یہ بھی پڑھیے: حمزہ علی عباسی نے شوبز چھوڑ دیا

ہمایوں سعید نے کہا دراصل حمزہ علی عباسی نے کچھ مدت کے لیے شوبز کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن مستقبل میں وہ حب الوطنی اور روحانیت پر مشتمل کرداروں میں نظر آئیں گے۔

 یہ بھی دیکھئے: اداکاری کے بعد حمزہ سیاست بھی چھوڑدیں گے؟


اپنے دوست اور ساتھی اداکار حمزہ علی عباسی کے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے فیصلے پر بات کرتے ہوئے ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ حمزہ کچھ عرصے سے اسکالر بننے کا سوچ رہے تھے جس کے لیے انہوں نے تعلیم بھی حاصل کرنی شروع کردی تھی۔

ہمایوں سعید نے یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ آئندہ سال حمزہ کے ساتھ بطور پروڈیوسر فلم بنائیں گے۔

ہمایوں سعید نے کہا کہ وہ حب الوطنی کے موضوع پر فلم بنانے کی منصوبہ بندی کرر رہے ہیں جس کی ہدایت کاری حمزہ علی عباسی کریں گے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پروجیکٹ کے حوالے سے سوائے نام کے تقریباً ہر چیز مکمل ہے۔

واضح رہے کہ حمزہ علی عباسی اور ہمایوں سعید نے فلم ’جوانی پھر نہیں آنی‘ میں ساتھ کام کیا تھا۔

تازہ ترین