وزیراطلاعات سندھ سعید غنی نے دعا منگی کے اغوا میں سندھ پولیس کی ناکامی کا اعتراف کرلیا۔
سندھ اسمبلی میں بیان دیتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ کراچی کے پوش علاقے سے دعا منگی کا اغوا ہونا پولیس کی ناکامی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دعا منگی اغوا ہوئی اور اب خیر خیریت سے واپس آگئی ہے۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ہدایت دی ہے کہ دعا منگی کے اغوا کی واردات میں جو بھی ملوث ہیں، پولیس کو انھیں گرفتار کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ نے واضح کیا ہے کہ جرم ہوا ہے تو کارروائی بھی ہوگی، دعا منگی کی فیملی سے رابطے میں ہیں، جلد مجرموں تک پہنچ جائیں گے۔
سعید غنی نے یہ بھی کہا کہ واقعے میں زخمی ہونے والا نوجوان حارث اسپتال میں ہے، اللہ اس کو زندگی دے، علاج کا خرچ سندھ حکومت اٹھارہی ہے۔