• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصالحتی کمیٹیوں میں تاجر وں کو بہتر نمائندگی دی جائے، محمد احمد

اسلام آباد (کامرس رپورٹر) اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ پولیس کی مصالحتی کمیٹیاں عدالتوں سے باہر تنازعات کو حل کرنے میں مفید کردار ادا کرتی ہیں لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسلام آباد پولیس کی مصالحتی کمیٹیوں میں تاجر برادری کو زیادہ سے زیادہ نمائندگی دی جائے جس سے تاجروں کے مسائل بہتر حل ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد پولیس کے ایس پی صدر زون عمر خان سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے اے ایس پی حمزہ امان اللہ اور اے ایس پی رانا عبدالوہاب کے ہمراہ اسلام آباد چیمبر کا دورہ کیا اور تاجر برادری کے ساتھ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔محمد احمد وحید نے کہا اسلام آباد چیمبر آف کامرس نے آئی جی پولیس اسلام آباد کو چیمبر میں ایک پولیس سہولت ڈیسک قائم کرنے کی تجویز دی ہوئی ہے اور اس امید کااظہار کیا کہ مذکورہ ڈیسک کے قائم ہونے سے تاجروں وصنعتکاروں کے مسائل بروقت حل کرنے میں کافی سہولت ہو گی۔اسلام آباد چیمبر کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی اور نائب صدر سیف الرحمٰن خان نے کہا کہ چیمبر اور اسلام آباد پولیس کے درمیان مضبوط روابط کا قیام مارکیٹوں و صنعتی علاقوں میں سیکورٹی کی صورتحال کو مزید بہتر کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایس پی صدرزون عمرخان نے کہا کہ پولیس مصالحتی کمیٹیوں میں تاجر برادری کو مناسب نمائندگی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے لہذا پولیس ان کے مسائل کو حل کرنے میں ہر ممکن تعاون کرے گی۔ اے ایس پی حمزہ امان اللہ اور اے ایس پی رانا عبدالوہاب نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔چیمبرکے سابق صدور محمداعجاز عباسی، خالد اقبال مالک اور ظفر بختاوری سمیت اسلم کھوکھر، چوہدری زاہد رفیق، شیخ عبدالوحید، خالد چوہدری، چوہدری عبدالغفار، یوسف راجپوت اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔
تازہ ترین