ہالی ووڈ فلمساز جیمز کیمرون کی 2009ء میں ریلیز ہونے والی تھری ڈی ایڈونچر فلم ’اوتار‘ نے عالمی باکس پر 2.8ارب ڈالر کما کر نیا ریکارڈ بنایا تھا۔ ایک دہائی بعد ’اوینجرز:اینڈ گیم‘ دوبار ریلیز ہونے کے بعد بمشکل اس فلم کا ریکارڈ توڑپائی ہے۔ اس فلم کے تخلیق کار جیمز کیمرون کئی برسوں سے اس فلم کے سیکوئل کی باتیں کر رہے ہیں بلکہ 7جنوری 2010ء کو فلم کے بلین ڈالر کلب میں شامل ہونے کے موقع پر انہوں نے لاس اینجلس میں فلم کی اسکریننگ کے موقع پر کہا تھا، ’’جی ہاں ہم فلم کے سیکوئل پر کام کررہے ہیں‘‘۔
جیمز کیمرون کی جانب سے ایسے بیان بعد میں بھی گاہے بگاہے سُننے کو ملتے رہے۔ تاہم ’اوتار‘ کے پرستاروں کیلئے خوش خبری ہے کہ جیمز کیمرون نے فلم کے سیکوئل پر باقاعدہ کام کا آغاز کردیا ہے اور اس بار محض ایک نہیں بلکہ چار سیکوئل فلموں پر بیک وقت کام کیا جارہا ہے۔ چار سیکوئل فلموں کے لیے ایک ارب ڈالر کا ریکارڈ بجٹ رکھا گیا ہے (یہ لارڈ آف دی رنگز کی ٹرائلوجیز کے مقابلے میں ساڑھے تین گنا زیادہ بجٹ ہے)۔
اوتار سیکوئل کب ریلیز ہونگے؟
پہلے یہ کہا جارہا تھا کہ شاید اس فلم کو دسمبر 2020ء میں ریلیز کیا جائے گا، تاہم اب جیمز کیمرون نے اعلان کیا ہے کہ ’اوتار2‘ ، 17دسمبر 2021ء کو ریلیز ہوگی۔ اس کے بعد ہر سال دسمبر میں اوتار کا سیکوئل ریلیز ہوگا، اس طرح ’اوتار5‘ دسمبر 2027ء میں ریلیز کی جائے گی۔
فلم ساز جیمز کیمرون نے اوتار کے سیکوئل پر کام کا آغاز کرنے میں 10سال کا عرصہ لگایا ہے۔ اس سے پہلے وہ اس فلم کے سیکوئل کے حوالے سے 2014ء اور 2016ء کی تاریخیں دے چکے تھے، تاہم اس تاخیر کے حوالے سے وہ کہتے ہیں، ’’میرے لیے یہ اہم نہیں ہے کہ پہلا سیکوئل کب ریلیز ہوگا۔ میری ایک خواہش ہے اور اسی کے مطابق ہی میں کام کررہاہوں کہ میری فلمیں جس قدر ممکن ہو، مختصر سے وقفے کے بعد ایک کے بعد ایک ریلیز ہوتی چلی جائیں۔
میں چاہتا ہوں کہ میری فلم کا ایک نیا سیکوئل ہر سال کرسمس کے موقع پر عوامی نمائش کے لیے پیش کیا جائے، اب میں اس وعدے کی پاسداری کرنا چاہتا ہوں‘‘۔ اس سوال کے جواب میں کہ کیا پہلی فلم اور سیکوئل میں 12سال کا عرصہ اس کی باکس آفس پر کارکردگی پر منفی اثر نہیں ڈالے گا؟ جیمز کیمرون کہتے ہیں، ’’میں اس حوالے سے بالکل بھی فکرمند نہیں ہوں۔ لوگ شاید بھول رہے ہیں کہ ’دی ٹرمینیٹر‘ اور ’ٹرمینیٹر 2‘ کے درمیان 7سال کا وقفہ تھا۔ ’ایلین‘ اور ’ایلینز‘ کے درمیان بھی 7سال کا وقفہ تھا‘‘۔
جیمز کیمرون کی ایک خوش قسمتی یہ رہی ہے کہ ڈزنی اور فاکس کے انضمام کا اوتار کے سیکوئلز پر کوئی فرق نہیں پڑا اور اوتار کے تمام سیکوئلز کی پروڈکشن منصوبے کے مطابق جاری رہے گی۔
سیکوئلز کے ٹائٹل کیا ہونگے؟
ہرچندکہ فی الحال ورکنگ ٹائٹل کے طور پر ان سیکوئلز کو اوتار 2، اوتار 3، اوتار4اور اوتار 5کے نام سے پکارا جارہا ہے، تاہم حتمی نام ابھی آنا باقی ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق، اوتار کی سیکوئل فلموں کے ممکنہ ٹائٹل کچھ اس طرح ہوسکتے ہیں؛ ’اوتار:دی وے آف واٹر‘، ’اوتار:دی سِیڈ بیئرر‘، ’اوتار:دی ٹلکن رائیڈر‘ اور ’اوتار:دی کوئیسٹ فار ایوا‘۔ جیمز کیمرون بھی ان ٹائٹلز کی تصدیق کرچکے ہیں، تاہم ان کا کہنا ہے کہ ان میں ردوبدل ممکن ہے۔
کاسٹ کیا ہوگی؟
جیمز کیمرون نے اوتار کی مرکزی کاسٹ کو پہلے ہی تمام سیکوئلز کے لیے آن بورڈ لے لیا ہے اور وہ اپنے اوتار کے روایتی ’نیلے اوتار‘ میں نظر آئیں گے۔ زوئی سالڈانا، جو سیکوئل میں نیوی شہزادی ’نیٹیری‘ کا کردار ادا کریں گی، وہ پہلے ہی ’اسٹار ٹریک‘ اور ’گارجینز آف دی گیلیکسی‘ جیسی فلموں میں کام کرکے ایک بڑا نام بن چکی ہیں۔ اس کے علاوہ، ہر طرح کے ایلین کا کردار ادا کرنے کے لیے وہ فیورٹ سمجھی جاتی ہیں۔
اسی طرح سام ورتھنگٹن بھی سیکوئل میں اہم کردار میں نظر آئیں گے، اب یہ الگ بات کہ اوتار میں کام کرنے کے بعد وہ اپنی ساتھی اداکارہ زوئی سالڈانا کے پائے کی کامیابی حاصل نہیں کرسکے۔ ’کلیش آف دی ٹائٹنز‘ کے ری میک اور اس کے سیکوئل ’ریتھ آف دی ٹائٹنز‘ میں مرکزی کردار نبھانے کے بعد اب وہ ’ایوریسٹ‘ اور ’سیبوٹاج‘ جیسی ایکشن فلموں میں سپورٹنگ کردار ادا کرتے نظر آتے ہیں۔
ان دو اداکاروں کے علاوہ سیگورنی وِیور اور اسٹیفن لینگ کو بھی اوتار سیکوئل میں دیکھا جاسکے گا، اس حقیقت کے باوجود کہ یہ دونوں کردار پہلی فلم میں مرچکے ہیں۔ تاہم وِیور کا کہنا ہے کہ سیکوئل میں ان کا کردار بالکل نیا اور مختلف ہوگا۔
’ٹائی ٹینک-اوتار یونیورس‘
جیمز کیمرون اوتار یونیورس میں اپنی ’ٹائی ٹینک‘ ہیروئن کیٹ ونسلیٹ کو بھی شامل کرچکے ہیں۔ 1997ء میں جیمز کیمرون کی فلم ’ٹائی ٹینک‘ میں ہیروئن کا مرکزی کردار کیٹ ونسلیٹ نے ادا کیا تھا اور جیمز کیمرون کا کہنا ہے کہ گزشتہ 22سال سے وہ اپنی ٹائی ٹینک ہیروئن کے ساتھ دوبارہ کسی فلم میں کام کرنے کی خواہش رکھتے ہیں، جسے اب بالآخر اوتار سیکوئل کے ذریعے پورا کرنے کا وقت آگیا ہے۔
وِن ڈیزل اوتار یونیورس میں شامل
ایکشن ہیرو وِن ڈیزل بھی شہرہ آفاق سائنس فِکشن فلم ’اوتار‘ کے سیکوئل میں جلوے دِکھاتے نظر آئیں گے۔ ’فاسٹ اینڈ فیوریس‘ سیریز کی فلموں میں شاندار اداکاری دِکھانے والے وِن ڈیزل بھی اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے اس بات کی تصدیق کرچکے ہیں کہ وہ ’اوتار‘ کے سیکوئل میں ایکشن میں دِکھائی دیں گے۔
انسٹاگرام ویڈیو میں وہ فلم ساز جیمز کیمرون کے ساتھ انتہائی خوش دکھائی دیے۔ وِن ڈیزل کا ویڈیو میں کہنا تھا کہ جیمز کیمرون وہ واحد فلمساز ہیں، جن کے ساتھ وہ کام کرنا چاہتے ہیں اور ان سے سیکھنا چاہتے ہیں۔