• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم کیو ایم فسادات کروانا چاہتی ہے، اسماعیل راہو

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سندھ کے وزیر زراعت اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم بار بار سندھ میں نیا صوبہ بنانے کا مطالبہ کرکے فسادات کروانا چاہتی ہے۔

پی پی رہنما اسماعیل راہو نے اپنے ایک اہم بیان میں کہا کہ ہم ایم کیو ایم کی اس حرکت کی سخت مذمت کرتے ہیں، یہ جماعت خود کو زندہ رکھنے کے لیے بار بار تقسیم کی بات کر رہی ہے۔

اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ بہادر آباد تک محدود یہ جماعت صوبہ تقسیم کرنے والا بل قومی اسمبلی سے واپس لے اور سندھ کے عوام سے معافی مانگے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ دھرتی ماں نے جس طرح تمام باہر سے آنے والوں کو پناہ دی اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ باہر سے آنے والا کوئی بھی اسے توڑنے کی بات کرے۔

صوبائی وزیر نے ایم کیو ایم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ سندھ کی تقسیم کو چھوڑ یں، اپنی جماعت کو مزید تقسیم سے بچائیں کیونکہ فروغ نسیم کی سربراہی میں اس جماعت کا ایک اور دھڑہ بننے والا ہے۔

پی پی رہنما نے کہا کہ دھرتی ماں کی تقسیم کی بات پر پی ٹی آئی اور جی ڈی اے کی خاموشی افسوس ناک ہے،کیا پی ٹی آئی اور جی ڈی اے بھی اس سازش کا حصہ ہیں؟

اسماعیل راہو کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اب بھی لندن سے آنے والے اشاروں پر چل رہی ہے۔


تازہ ترین