• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئندہ وزیراعظم بلاول بھٹو ہونگے، آصف زرداری

کراچی(آئی این پی) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آئندہ وزیراعظم بلاول بھٹو زرداری ہوں گے، آج بلاول کو سیاسی دباؤ میں لانے کے لئے مجھے جیل میں ڈالا گیا لیکن میں گھبرانے والا نہیں ہوں، یہ حکومت عوامی حمایت کھوچکی۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کو اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی تو دونوں رہنماؤں کے درمیان دلچسپ مکالمہ ہوا، جس میں آغا سراج درانی نے انہیں ضمانت ملنے پر مبارکباد دی جبکہ آصف علی زرداری نے بھی آغا سراج درانی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آغا صاحب آپ کو بھی ضمانت پر رہائی مبارک ہو، آپ نے بہادرانہ انداز سے حالات کا مقابلہ کیا، امید ہے جلد ہم سب کے جھوٹے مقدمات ختم ہوجائیں گے۔ 

امید ہے اگلا وزیراعظم بلاول ہوگا اور ہوسکتا ہے آغا صاحب اگلی بار آپ میرے ساتھ اسلام آبادمیں ہوں جس پر آغا سراج درانی نے کہا کہ ہم زرداری صاحب آپ کے لئے فکر مند رہتے ہیں، اللّہ آپ کو صحت دے، بلاول کی بطور وزیراعظم حلف برداری میں ہم ساتھ ہوں گے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق شریک چیئرمین نے کہا کہ محترمہ کی پہلی حکومت سے لے کر آج تک انتقامی کارروائیاں جاری ہیں پہلے مجھے محترمہ کو سیاسی دباؤمیں لانے کے لیے جیل بھیجا گیا، آج بلاول کو سیاسی دباؤ میں لانے کے لئے مجھے جیل میں ڈالا گیا لیکن میں گھبرانے والا نہیں ہوں۔

تازہ ترین