معروف اداکارہ میرا پاکستان فلم انڈسٹری میں اپنی اداکاری کے جوہر دِکھانے کے بعد گلوکاری سیکھنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
پاکستان فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ میرا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اپنے گلوکاری کے استاد سے سبق لے رہی ہیں اور اپنے اُستاد کی طرح گانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
میرا نے اپنی ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ ’گلوکاری بہت مشکل کام ہے میں کچھ نیا سیکھنے کی کوشش کر رہی ہوں اور نئے کردار کے لئے دلچسپی ظاہر کر رہی ہوں۔‘
اداکارہ کی اِس پوسٹ پر اُن کے مداحوں نے کمنٹس کرکے اُن کے ٹیلنٹ کی تعریف کی۔
ایک صارف نے میرا کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’ملٹی ٹیلنٹڈ۔‘
اقصیٰ نامی صارف نے لکھا کہ ’آپ خود اتنی خوبصورت ہیں کہ آپ کو ’سنگنگ‘ کی ضرورت نہیں۔‘
واضح رہے کہ اداکارہ میرا نے پاکستان کی بہت سی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دِکھائے ہیں اور رواں سال بھی وہ اپنی سُپر ہٹ فلم ’باجی‘ میں جلو گِر نظر آئی تھیں، اُن کی اِس فلم نے بین الاقوامی سطح پر بھی کئی اعزاز اپنے نام کیے تھے۔