• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کے معروف گلوکار ہارون اور فاخر محمود طویل عرصے کے بعد ایک بار پھر سے مل گئے جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

پاکستان کے نامور گلوکار ہارون نے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پرانے ساتھی گلوکار فاخر محمود کے ساتھ کچھ تصاویر شیئر کیں جس کو دیکھنے کے بعد دونوں گلوکاروں کے مداحوں کو لگا کہ ہارون اور فاخر کا پھر سے ایک ساتھ کوئی نیا گانا آنے والا ہے۔

مداحوں کی اِس غلط فہمی کو دور کرنے کے لیے گلوکار ہارون نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’ایک طویل عرصے کے بعد ہم دونوں دوست ایک ساتھ نظر آئے ہیں جس پر لو گوں نے ہم سے پوچھا کہ کیا آپ دونوں کا ایک ساتھ کوئی گانا آرہا ہے؟‘

ہارون نے اپنے ٹوئٹ میں مداحوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’ہمارا کوئی گانا نہیں آرہا ہے لیکن اگر آپ لوگ چاہتے ہیں کہ ہم دونوں مل کر گانا بنائیں تو آپ لوگ کمنٹ میں’Groovy Nuts‘ لکھیں، اگر آپ کو لگتا ہے کہ یہ خیال اچھا نہیں ہے تو آپ کمنٹ میں ’Gimme Nuts‘ لکھیں اور جو لوگ ہمیں ساتھ دیکھ کر خوشی سے جھوم اُٹھے ہیں وہ کمنٹ میں ’Tamatar‘ لکھیں۔‘

گلوکار ہارون کے اِس ٹوئٹ پر اُن کے مداحوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے گلوکار کو اپنی اپنی رائے سے آگاہ کیا۔

سہیل انجم نامی صارف نے ہارون کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’اِس سال آپ دونوں کو ساتھ دیکھنا ہمارے لیے بہت اچھا ہوگا۔‘ صارف نے اِس کے ساتھ ہی فاخر اور ہارون کے مشہور قومی گانے ’ہے جواں جیت ہے تیرا نشاں‘ کیGIF بھی شیئر کی۔

ایک صارف نے لکھا کہ ’ Groovy Nuts اور Tamatarدونوں۔‘

سعد نور نامی صارف نے لکھا کہ ’آپ دونوں راک اسٹارز ہیں، آپ کے گانوں سے ہمارے بچپن کی بہت سی یادیں وابستہ ہیں۔‘

دوسر ی جانب گلوکار فاخر محمود نے بھی ٹوئٹر پر اپنی اور ہارون کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’نئے سال کی پہلی شام، میں نے اپنے بہترین دوست سے ملاقات کی۔‘

فاخر کے ٹوئٹ پر صدف نامی صارف نے لکھا کہ ’دو عظیم آدمی ایک فریم میں، آپ کو دیکھ کر اچھا لگا۔‘

عدنان علی خان نامی صارف نے لکھا کہ ’ایک ری یونین تو بنتا ہے باس۔‘

واضح رہے کہ گلوکار ہارون اور فاخر محمود ایک طویل عرصے کے بعد ایک ساتھ نظر آئے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ دونوں کے مداح اُن کو ساتھ دیکھ کر بہت خوش ہورہے ہیں۔

تازہ ترین