• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’دپیکا مجھے اپنا مشیر رکھ لیں‘، گرو رام دیو

بھارت کے مشہور یوگا گرو رام دیو نے بالی ووڈ کی معروف اداکارہ دپیکا پڈوکون کو جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کے احتجاج میں شرکت کرنے پر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔

یہ بھی جانئے: کیرالہ نے متنازع شہریت قانون چیلنج کردیا

بھارتی ویب سائٹ ’ ہندوستان ٹائمز ‘ کے مطابق گرو رام دیو نے دپیکا کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مشورہ دیا ہے کہ ’دپیکا کو کوئی بھی بڑا فیصلہ کرنے سے پہلے بھارتی سیاسی اور سماجی مسئلوں کوجاننا چاہیے، انہیں چاہیے کہ وہ میرے جیسے کسی انسان کو اپنا مشیر رکھ لیں تا کہ انہیں بھارتی مسئلوں سے متعلق اصل حقیقت اور اندرونی کہانی معلوم ہو سکے۔‘

یوگا گرو رام دیو کا کہنا ہے کہ’اداکاری کے لحاظ سے دپیکا ایک مختلف مقام رکھتی ہیں، مگر انہیں ہمارے ملک کے سیاسی، سماجی اور ثقافتی مسائل کو بھی جاننا چاہیے، ان سب مسائل سے متعلق جاننے کے بعد انہیں ملک سے متعلق فیصلے لینے چاہیے۔‘

رام دیو کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیرِ اعظم اور وزیرِ داخلہ نے کہہ دیا ہے کہ اس نئے بل کا یہ ہر گز مطلب نہیں ہے کہ کسی سے شہری حقوق چھین لیے جائیں گے، اس بل کا مقصد شہریت دینا ہے، مگر پھر بھی ابھی تک بہت سے لوگ اس کی مخالفت کر رہے ہیں۔

انہوں نے نئے بھارتی متنازع سٹیزن شپ بل کی حمایت کرتے ہوئے مزید کہا کہ جو لوگ نئے بل کی صحیح سے سمجھ بوجھ نہیں رکھتے، وہ بھی بھارتی وزیرِ اعظم نریندرا مودی کے خلاف نا مناسب زبان استعمال کر رہے ہیں۔

رام دیو نے مزید بھڑکیاں مارتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ اس بل کی مخالفت میں اتنے پاگل ہو گئے ہیں کہ وہ ’جناح والی آزادی‘ کے نعرے لگا رہے ہیں، یہ نعرہ کہاں سے آیا ہے ؟ اس قسم کے احتجاج قومی سلامتی اور بھارت کی اصل شکل کو مسخ کر رہے ہیں، بھارت میں 2 کروڑ لوگ غیر قانونی طور پر رہ رہے ہیں۔

یہ بھی دیکھئے:دپیکا کی بھارتی انتہا پسندوں کے خلاف ہونے والے مظاہروں میں شرکت


واضح رہے کہ دپیکا پڈوکون نے رواں ماہ 5 جنوری کو نئی دہلی کی جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں ہونے والے بھارتی انتہا پسندوں کے خلاف مظاہروں میں شرکت کی تھی ۔

اس دوران کالے لباس میں ملبوس دپیکا نے حملے کا شکار طُلبہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اظہار کیا تھا اور تقریباً 15 منٹ قیام کیا تھا۔

بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا نے بھی سپر اسٹار دپیکا پڈوکون کی بھارتی انتہا پسندوں کے خلاف ہونے والے مظاہروں میں شرکت کی بھرپور حمایت کی تھی ۔

تازہ ترین