• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

15 معاونین کیخلاف درخواست پر حکومت کو نوٹس جاری

15 معاونین کیخلاف درخواست پر حکومت کو نوٹس جاری


اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیرِ اعظم عمران خان کے 15 معاونینِ خصوصی کے خلاف درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کر دیئے۔

جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈویژن بنچ نے کیس کی سماعت کی۔

عدالتِ عالیہ نے وفاقی حکومت اور معاونینِ خصوصی کو اس ضمن میں 3 فروری تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

عدالت نے وزیرِ اعظم عمران خان کے ان 15 معاونینِ خصوصی کو فوری کام سے روکنے کی استدعا اور حکم امتناع کی درخواست مسترد کر دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیرِ اعظم کے 15 معاونین خصوصی کی تعیناتیوں کے خلاف درخواست آج سماعت کے لیے مقرر کی تھی۔

شہری فرخ نواز بھٹی کی جانب سے جی ایم چوہدری ایڈووکیٹ نے درخواست دائر کی تھی جس میں وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونین خصوصی نعیم الحق، فردوس عاشق اعوان، ندیم افضل، علی نواز اعوان، زلفی بخاری، شہزاد اکبر، معید یوسف، عثمان ڈار سمیت 15 معاونینِ خصوصی کی تعیناتی چیلنج کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیئے: وزیراعلیٰ سندھ کے معاونین کی تقرری کیخلاف سماعت

درخواست میں وزیرِ اعظم عمران خان سمیت تمام معاونینِ خصوصی کو فریق بناتے ہوئے استدعا کی گئی تھی کہ وزیرِ اعظم کے معاونینِ خصوصی کو وفاقی وزیر اور وزیرِ مملکت کا درجہ غیر قانونی قرار دیا جائے۔

درخواست میں یہ استدعا بھی کی گی تھی کہ وزیرِ اعظم عمران خان اور کابینہ ڈویثرن کے اقدام کو غیر قانونی قرار دیا جائے، نیب کو فریقین کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے۔

تازہ ترین