• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کاتالونیا میں کیمیکل فیکٹری میں دھماکہ، ایک شخص ہلاک، لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت

کاتالونیا(آئی این پی) اسپین کی کیمیکل فیکٹری میں دھماکے سے ایک شخص ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے، حکام کی جانب سے لوگوں کو گھروں میں رہنے اور باہر نہ نکلنے کی تاکید کی گئی ۔افسوسناک حادثہ اسپین کے شمال مشرقی علاقے اور ریاست کاتالونیا کے علاقے تیراگونا میں ہوا، حادثے میں اب تک ایک شخص ہلاک جبکہ 8 زخمی ہوئے ہیں۔ ان میں سے 2 فیکٹری کے ملازم ہیں جو بری طرح جھلس گئے ہیں اور ان کی حالت تشویشناک ہے۔حادثے کا شکار ہونے والی فیکٹری ایتھلین آکسائیڈ کی مصنوعات بشمول ڈٹرجنٹ تیار کرنے والی اسپین کی واحد فیکٹری ہے، اس شہر میں متعدد کیمیکل فیکٹریز واقع ہیں جس کے باعث اس شہر کو کیمیکل حب کہا جاتا ہے۔حادثے کے بعد 29 ایمرجنسی گاڑیاں جائے وقوع پہنچ گئیں۔ واقعے میں ایک اور شخص لاپتہ ہے تاہم اس کے بارے میں امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ وہ دھماکے سے قبل ہی جائے وقوع سے روانہ ہوچکا تھا۔دھماکے میں ہلاک ہونے والا شخص برابر واقع عمارت میں موجود تھا، دھماکوں کے باعث عمارت کا کچھ حصہ منہدم ہوگیا اور مذکورہ شخص کی ملبے تلے دبنے سے موت واقع ہوگئی۔عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے بعد انہوں نے مذکورہ مقام پر آسمان پر دھوئیں کے گاڑھے بادل بنتے دیکھے۔حکام نے آس پاس مقیم تقریبا 3 لاکھ افراد کو احتیاطا گھروں میں رہنے اور گھروں کی کھڑکیاں دروازے بند رکھنے کی ہدایت کی ہے تاہم حکام کا کہنا ہے کہ زہریلی گیسوں کے پھیلا ئوکا کوئی خدشہ نہیں ہے۔

تازہ ترین