• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیشنل انڈوومنٹ سکالرشپ فار ٹیلنٹ پروگرام کا آغاز

اسلام آباد (وقائع نگار) وفاقی وزارت تعلیم نے نیشنل اینڈوومنٹ سکالرشپ فار ٹیلنٹ کا 7کروڑ 70لاکھ روپے کی لاگت سے فن و ثقافت کے شعبے کیلئےسکالرشپ پروگرام کا آغاز کر دیا۔ وفاقی وزیر شفقت محمود کا کہنا ہے کہ رواں برس سکالرشپ کیلئے چار سو باصلاحیت اور ضرورتمند بچوں کا انتخاب کیا جائیگا۔ وفاقی وزارت تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے ادارے نیشنل اینڈوومنٹ سکالرشپ فار ٹیلنٹ (نیسٹ) کے زیراہتمام ملک میں پہلی بار فن، ثقافت، فلم، تھیٹر، ویژوول آرٹس، سیرامکس اور ٹیکسٹائل ڈیزائن کے فروغ و ترویج کیلئے فن و ثقافت کی سکالرشپ کا اجراء کر دیا گیا ہے۔ اس سکالر شپ کیلئے رواں برس 7کروڑ ستر لاکھ روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکالرشپ پروگرام کے تحت باصلاحیت اور ضرورتمند400 طلباء کو سکالرشپس مہیا کی جائیں گی۔ وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ ملک میں فن اور فنکاروں کی ترویج کیلئے یہ سکالرشپ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، انہوں نے کہا کہ کسی زمانے میں پاکستانی ڈرامے کی ہندوستان سمیت دنیا بھر میں دھوم تھی‘ ہماری خواہش ہے کہ اس سکالرشپ کے ذریعے ایسا ٹیلنٹ سامنے آئے جو ملک کا نام روشن کرے۔ وفاقی سیکرٹری تعلیم ڈاکٹر ساجد یوسفزئی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سکالرشپ پروگرام کے تحت ملک بھر کی پندرہ یونیورسٹیوں کے ڈگری دینے والے اداروں کا انتخاب کیا گیا ہے جبکہ جون کے آخر تک مستحق اور منتخب ہونے والے طلباء میں سکالرشپس تقسیم کر دی جائیں گی۔ اس اقدام کو سراہتے ہوئے نیشنل کالج آف آرٹس کے پرنسپل ڈاکٹر مرتضیٰ جعفری اور انسٹی ٹیوٹ آف آرٹس اینڈ کلچر کی وائس چانسلر ڈاکٹر ساجدہ ونڈل نے کہا کہ سکالرشپ کی رقم کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پچاس ہزار آمدن کی شرط کو بڑھایا جائے تاکہ بہت سے مستحق طلباء اس سکالرشپ سے محروم نہ رہ جائیں۔
تازہ ترین