• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نصف ہسپتالوں میں اسٹروک کے ماہر ڈاکٹروں کی کمی، بحران کا خدشہ

لندن (پی اے) نئے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ تقریباً نصف ہسپتالوں میں اسٹروک کے ماہر ڈاکٹروں کی کمی ہے۔ ایک چیرٹی کو خدشہ ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کئے گئے تو ہزاروں جانوں کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، بعض مریضوں کو تاحیات معذوری کا خطرہ درپیش ہو سکتا ہے۔ ایسے کیسز سامنے آئے ہیں، جن میں جونیئر ڈاکٹر صحیح تشخیص نہ کر سکنے کی وجہ سے مریضوں کو تسلی دے کر گھر بھیج دیتے ہیں حالانکہ وہ دل کی جان لیوا بیماریوں میں مبتلا ہوتے ہیں۔ کنگز کالج لندن کی 19-2018 سنیپ (سینٹینل سٹروک نیشنل آڈٹ پروگرام) کی رپورٹ کے مطابق انگلینڈ، ویلز اور شمالی آئرلینڈ کے 48 فیصد ہسپتالوں میں پچھلے 12 ماہ یا اس سے زیادہ عرصے سے کم از کم ایک اسٹروک کنسلٹنٹ کی خالی آسامی رہی ہے۔ یہ 2016 میں 40 فیصد اور 2014 میں 26 فیصد تھی۔ علیحدہ تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ سکاٹ لینڈ میں بھی اسی طرح کی صورت حال موجود ہے۔ اسٹروک ایسوسی ایشن کی چیرٹی، جس نے اعداد و شمار کا تجزیہ کیا ہے، کہتی ہے کہ جب تک اس مسئلے پر توجہ نہیں دی جاتی، برطانیہ ایک اہم اسٹروک بحران کی طرف جاتا ہوا نظر آئے گا۔ اس کی سربراہ، جولیٹ بووری اس شرح سے انتہائی تشویش میں مبتلا ہیں کیونکہ اعلیٰ کوالیفائڈ اسٹروک ڈاکٹر پیشے کو چھوڑ رہے ہیں اور نئے ڈاکٹروں کی طرف سے اسٹروک میڈیسنز کو اپنانے میں سست روی دیکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے حکومت اور این ایچ ایس انگلینڈ سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ اسٹروک کو دوسرے پیشہ ور افراد کی تربیت اور نشوونما کے لئے ایک پرکشش پیشہ بنایا جائے۔ جیسے ماہر نرسیں اور معالجین۔ پریزیڈنٹ برٹش ایسوسی ایشن آف سٹروک فزیشنز، پروفیسر رستم الشاہی سلمان کا کہنا ہے کہ ماہرین اور آلات کی کمی کی وجہ سے ہسپتالوں میں علاج معالجے کی ذمہ داری پوری نہیں کی جا رہی، ایمبولینس کے عملے کی تربیت کو بھی یقینی بنانا ضروری ہے تاکہ مریضوں کو ہمیشہ اسٹروک سروسز کے حامل ہسپتالوں میں منتقل کیا جا سکے۔ این ایچ ایس کے ایک ملازم نے بتایا کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اسٹروک کے اثرات سے نجات دلائی جا رہی ہے، این ایچ ایس پہلے ہی منصوبہ بندی کر چکا ہے، طویل عرصے سے اسٹروک ورک فورس کو جدید بنانے کیلئے کوشاں ہے۔ اس سال کے آخر میں حکومت کی طرف سے کی جانے والی تربیت کے لئے حتمی فنڈز کے فیصلے اور مزید ماہرین کو تھرامبیکٹمی طریقہ کار کی فراہمی کے لئے تربیت دی جانی ہے۔
تازہ ترین