• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امید ہے ثناء میر خواتین کرکٹ کی خدمت کرتی رہینگی، بسمعہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ ثناء میرکو میگا ایونٹ کے لیے ڈراپ کرنا ایک مشکل فیصلہ تھا۔ وہ اسکواڈ میں ثناء میر کی شمولیت کی خواہشمند تھیں جس پر سلیکشن کمیٹی سے طویل مشاورت ہوئی۔ پیر کو لاہور میں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ہمیں ثناء میر اور عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ایمرجنگ کرکٹر میں سے کسی ایک کو چننا تھا اور وہ اس سلسلے میں اکثریتی فیصلے کا احترام کرتی ہیں۔ امید ہے کہ ثناء میر اسی جوش و جذبے کے ساتھ مستقبل میں بھی پاکستان ویمنز کرکٹ کی خدمت کرتی رہیں گی۔ تجربے کا کوئی نعم البدل نہیں، تاہم منتخب اسکواڈ میں بھی ٹیلنٹ کی کمی نہیں، جونیئر اور سینئر کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم ورلڈ کپ کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ ایک سوال پر بسمعہ معروف نے کہا کہ گزشتہ 2 برسوں میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہیں، مثبت ذہن کے ساتھ ورلڈ کپ میں شریک ہوں گے اور جیتنے کی کوشش کریں گے۔ ہم طویل مشاورت کے بعد بہترین اسکواڈ تشکیل دینے میں کامیاب رہے۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم میگا ایونٹ کے گروپ بی کا حصہ ہے۔ گروپ میں شامل دیگر ٹیموں میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ، تھائی لینڈ اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔ پاکستان ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 26 فروری کو ویسٹ انڈیز، دوسرا 28 فروری کو انگلینڈ ، یکم مارچ کو جنوبی افریقااور 3 مارچ کو تھائی لینڈ کیخلاف کھیلے گی ۔

تازہ ترین