• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میں نے کوئی بیان جاری نہیں کیا، عاطف خان


خیبرپختونخوا کے سینئر وزیر عاطف خان کا کہنا ہے کہ میں نے میڈیا کو کوئی بیان جاری نہیں کیا، کسی میڈیا چینل سے بات نہیں ہوئی۔

صوبائی وزیر ذراعت، سیاحت و کھیل عاطف خان نے کہا کہ ان کے نام سے منسوب خبریں بے بنیاد ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد بیان جاری کروں گا۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور سینئر صوبائی وزیر عاطف خان کے درمیان شدید اختلافات سامنے آئے ہیں۔

وزیراعلیٰ محمود خان نے عاطف خان کے نامزد ایم پی ایز کو کابینہ میں شامل کرنے سے انکار کردیا۔

جس پر سینئر صوبائی وزیر عاطف خان نے کہا کہ صوبے میں کرپشن اور اقربا پروری چل رہی ہے، حکومت کے ساتھ نہیں چل سکتے وزیراعظم عمران خان واپس آئیں گے  تو مسائل پر بات کرینگے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے، تمام وزراء پر مکمل اعتماد ہے۔

محمود خان کا کہنا تھا کہ کابینہ ممبران کے درمیان کوئی لڑائی نہیں ہے، پی ٹی آئی عوام کی خدمت اور عمران خان کے وژن کو آگے بڑھانے پر متفق ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کے پاس بہترین ٹیم ہے اور بہترین حکمرانی کے ایجنڈے کو ٹیم کے ساتھ آگے لے کر چل رہے ہیں۔

علاوہ ازیں وزیر اطلاعات کے پی کے شو کت یو سفزئی کا کہنا تھا کہ جسے عمران خان نے وزیراعلی بنادیا، وہی ہمارا وزیراعلی ہے، اختلافات کی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں، جو حکومت کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک عمران خان کا اعتماد حاصل ہے ، وہ شخص وزیراعلی رہے گا، جبکہ وزیراعظم نے پہلے بھی کہا ہے کہ انہیںوزیراعلی کے پی پر پورا اعتماد ہے ۔

شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ محمود خان کو وزیراعظم کا اعتماد حاصل ہے ، وہ جسے چاہیں کابینہ میں شامل کریں یا ڈراپ کریں۔

تازہ ترین