• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کی کامیابی اپوزیشن پر بجلی بن کر گررہی ہے، ہمایوں اختر

لاہور(اکنامک رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی کامیابی اپوزیشن پر بجلی بن کر گررہی ہے،اگر کرپشن کا گراف اوپر جارہا ہوتا تو بیرونی سرمایہ کار کبھی بھی پاکستان کا رخ کرتے اور نہ عالمی ادارے مثبت اشاریوں کی رپورٹس دے رہے ہوتے،معاشی حالات بتدریج بہتر ہو رہے ہیں اور اب انفرا سٹراکچر اور حلقوں پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر حلقہ این اے 131سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنمائوں اور اہل علاقہ کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ سابقہ حکومت نے معیشت کے ساتھ جو کھلواڑ کیا اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ لیکن اس کے باوجود وزیراعظم عمران خان اپنے عزم اس چیلنج سے نبرد آزما ہوئے اور معیشت کی ڈوبتی نبض کو بحال کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ہر جگہ کرپشن کے خلاف بات کرتے ہیں اور زیر و ٹالرنس پالیسی کی وجہ سے یہ دعوے سے کہا جاسکتا ہے کہ حکومت کی سطح پر کسی طرح کی کوئی کرپشن نہیں اور معاشرے میں اس لعنت سے نفرت کی جارہی ہے۔
تازہ ترین