• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیاری کے عوام پیپلز پارٹی کے جھنڈے تلے متحد ہیں،وقار مہدی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی نے کہا ہے کہ ایک سازش کے تحت لیاری سے سلیکٹڈ عناصر کو بیلٹ بکس پر ڈاکہ مارکر جتوایا گیا لیکن لیاری کے باشعور عوام صرف اور صرف پیپلز پارٹی کے جھنڈے تلے اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں متحد ہیں ،انھوں نے کہا کہ جب تک شہید ذوالفقار علی بھٹو حیات تھے عالم اسلام بالخصوص غریب ممالک کے خلاف سامراج کو سازش کرنے کی مجال نہیں تھی لیکن شہید بھٹو کو ایک سازش کے تحت شہید کرکے سامراجی طاقتوں نے مسلم ممالک کے خلاف سازش کرکے آگ اور خون کی ہولیاں کھیلیں اور عالم اسلام کے اتحاد کو کمزور کرنے کی سازش کی ۔ انہوں نے یہ بات ہنگورہ آباد لیاری میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 92ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پرپی پی پی سندھ کے نائب صدر راشد حسین ربانی ، کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری، ضلع جنوبی کے صدر خلیل ہوت، نور محمد ہنگورہ اور نثار بلوچ نے بھی خطاب کیا ۔ وقار مہدی نے کہا کہ لیاری پیپلز پارٹی کا قلعہ ہے ، آج بھی پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت ہی لیاری کے مسائل حل کررہی ہے اور لیاری کے محلوں اور گلیوں میں ترقیاتی کام کرائے جا رہے ہیں ۔راشد حسین ربانی نے کہا کہ ہمیں لیاری کے عوام اور پارٹی کارکنوں کی جدو جہد پر فخر ہے کوئی بھی طاقت پیپلز پارٹی اور لیاری کے عوام کو جدا نہیں کرسکتی۔
تازہ ترین