• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماہرتعلیم، بانی شعبہ صحافت جامعہ کراچی پروفیسر شریف المجاہدانتقال کرگئے

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ماہرتعلیم، مورخ اور تحریک پاکستان پر متعدد کتابوں کے مصنف،بانی شعبہ صحافت جامعہ کراچی اور قائد اعظم اکیڈمی کے سابق سربراہ پروفیسر شریف المجاہد پیر کو 94 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، ان کی نمازجنازہ جامعہ کراچی کی مسجد ابراہیم میں بعد نماز عصر اداکی گئی ۔بعد ازاں انہیں جامعہ کراچی کے قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی،قائد اعظم اکیڈمی کے ڈائریکٹر خواجہ رضی حیدر، ڈائریکٹر ایوننگ پروگرام پروفیسر ڈاکٹر نبیل احمد زبیری، ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ اینڈ ایڈمنسٹریٹو سائنسز ڈاکٹر طاہر علی، صدورشعبہ جات ، اساتذہ وطلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔مرحوم کے سوگواران میں چار بیٹیاں شامل ہیں۔ پروفیسر شریف المجاہد کے انتقال پرگورنرسندھ عمران اسماعیل، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، ضیأ الدین یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم، اقرا یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر وسیم قاضی، پروفیسر انوار احمد زئی، ہما بخاری، ڈاکٹر خالد محمود عراقی، ڈاکٹر فوزیہ ناز،ڈاکٹر شمس الدین، ڈاکٹر طاہر مسعود اور دیگر نے مرحوم کی مغفرت ، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے گورنر اور وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پروفیسر شریف المجاہد استاذ الاساتذہ کہلائے جانے کے مستحق ہیں ، پروفیسرشریف المجاہد ایک ماہر استاد، بہترین مصنف اور دانشورتھے، انہوں نے پوری دنیا میں پاکستان کانام روشن کیا، آج صوبہ ایک تجربہ کار اور شفیق استاد سے محروم ہوگیا ۔ ان کی کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ پروفیسر شریف المجاہد یکم جولائی 1926 کو مدراس میں پیدا ہوئے تھے۔ تاریخ صحافت اور اسلامیات میں مدراس یونیورسٹی سے سند حاصل کی۔ صحافت کے شعبے میں سیرا کیوز یونیورسٹی سے سند پائی۔ عملی صحافت کا آغاز 1945 میں تحریک پاکستان اور مسلمانوں کی سیاسی بیداری کے موضوع پر مضامین لکھنے سے کیا۔
تازہ ترین