• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیاکپ ٹی ٹوئنٹی، پاکستان میں کرکٹ نہیں کھیلنی، بھارت کا وہی پرانا راگ

نئی دہلی (جنگ نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی رواں برس پاکستان میں کرانے کا اٹل ارادہ ظاہر کرچکا ہے۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کے اس متعلق حالیہ اعلان کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں نہ کھیلنے کا وہی پرانا راگ الاپنا شروع کردیا ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بورڈ آفیشل نے شناخت خفیہ رکھتے ہوئے کہا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان کے دورے کا قطعی کوئی امکان نہیں۔ ایشین کرکٹ کونسل اگر بھارت کے بغیر ایشیا کپ کرانے کیلئے تیار ہے تو یہ پھر ایک مختلف کھیل ہوگا۔ پاکستان کی میزبانی پر ہمیں کوئی مسئلہ نہیں۔ خیال رہے کہ ورلڈکپ ٹی ٹوئنٹی سے قبل ایشین ایونٹ کو ٹیموں کی تیاری کے سلسلے میں اہم سمجھا جارہا ہے جس میں تمام اہم ایشین ٹیموں کی شرکت متوقع ہے۔ بھارتی عہدیدار کا کہنا تھا کہ بھارت کی شرکت اسی صورت میں ممکن ہے کہ جب اس کا انعقاد نیوٹرل مقام پر ہو۔ فی الحال پڑوسی ملک ٹیم بھیجنے کا کوئی آپشن زیر غور نہیں ہے۔ ہونہیں سکتا کہ بھارتی ٹیم کثیرالملکی ٹورنامنٹ کھیلنے کیلئے بھی پاکستان جائے۔ پاکستان کے میزبانی حقوق پر بھی بھارتی بورڈ کو کوئی مسئلہ نہیں۔ اصل بات وینیوز کی ہے۔ ہم بھی ماضی میں اسی بناپر ٹورنامنٹ عرب امارات میں کراچکے ہیں۔ اگر بھارت کی شرکت ممکن بنانی ہے تو اس کا انعقاد پاکستان نہیں ہوسکتا۔ یاد رہے کہ پاکستانی کرکٹرز کےلیے ویزا مسائل کے سبب بھارت نے ایشیا کپ 2018 کی میزبانی عرب امارات میں کی تھی۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ جب بی سی سی آئی نے یہ قدم اٹھایا تو پاکستان کرکٹ بورڈ بھی اس کی تقلید کرسکتا ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی سالوں پر مشتمل انتھک کوششوں کے بعد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ لوٹ آئی ہے۔ پی سی بی نے پہلے سری لنکا کی مکمل سیریز میں میزبانی کی اس کے بعد بنگلہ دیش ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیل کر گئی ہے، اسے ٹیسٹ میچز اور ایک ون ڈے کیلئے دوبارہ فروری میں پاکستان لوٹنا ہے۔ ایم سی سی کی کرکٹ ٹیم بھی سنگاکارا کی قیادت میں 13 سے 19فروری تک پاکستان کا دورہ کرے گی۔ جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کا ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے مختصر ٹور بھی مارچ میں متوقع ہے۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے گذشتہ روز واضح کیا تھا کہ اگر بھارتی کرکٹ ٹیم ایشیا ٹی ٹوئنٹی کیلئے رواں برسپاکستان نہیں آئی تو پاکستان کیلئے 2021 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے صورتحال ریورس ہوسکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ورلڈکپ ٹی ٹوئنٹی کیلئے کھلاڑیوں کے ویزے اور بھارت میں سیکورٹی کی یقین دہانی درکار ہے۔

تازہ ترین