• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انڈر19 ورلڈکپ، آسٹریلیا آؤٹ، بھارت سیمی فائنل میں پہنچ گیا

ملتان (اسپورٹس ڈیسک) بھارتی کرکٹ جونیئرز کھلاڑی آسٹریلیا کو لو اسکورنگ کوارٹر فائنل میں بری طرح سے روند کر انڈر 19 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔ پوچسٹروم میں کھیلے گئے پہلے کوارٹر فائنل میں آسٹریلوی بولرز نے بھارتی بیٹسمینوں کو 9 وکٹ لیکر صرف 233 تک محدود کردیا ۔اوپنر جیسوال 62 رنزکے ساتھ نمایاں رہے ،انکولر کر نے بھی 55کی اننگز کھیلی۔ کم اسکور کے بعد فتح کی امید لیے میدان میں اترنے والے کینگروز جلد ہی مشکل میں آگئے۔ وہ ابھی سنبھل بھی نہ پائے تھے کہ تین بیٹسمین واپس لوٹ چکے تھے اور اسکور بورڈ ٹوٹل کے خانے میں صرف چار رنز کا ہندسہ دکھا رہا تھا۔ حالات جلد ہی مزید بگڑے اور 68 تک پہنچتے پہنچتے اس کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی ،کارتک تیاگی نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 24رنزکے عوض 4 اور آکاش سنگھ نے30 رنزکے عوض 3 وکٹیں لیں۔ آسٹریلیا جو ایک موقع پر 5وکٹ پر 149 رنزبنا چکا تھا اور اسے 10 اوورز میں 85 رنزبنانے تھے اور اس کی 5وکٹیں باقی تھیں کہ اگلے 10 رنز کے اندر بھارتی بولرز نے پوری ٹیم کا صفایا کردیا، کینگروز44 ویں اوور میں 159 پر ڈھیر ہوگئے اور 74رنز سے میچ ہارگئے۔ اوپنر فیننگ 75 رنزکے ساتھ ٹاپ اسکور رہے۔ آسٹریلیا کا انڈر 19ورلڈ کپ جیتنے کا سپنا ٹوٹ گیا ہے ۔ بھارتی فتح کے بعد اب سیمی فائنل میں اس کا پاکستان سے جوڑ پڑنے کا امکان ہوگیا ہے۔ کیونکہ بھارتی ٹیم آخری کوارٹر فائنل کی فاتح ٹیم سے سیمی فائنل کھیلے گی اور وہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہوگا ۔

تازہ ترین