• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

آسٹریلیا کا دورہ پاکستان، سپرلیگ کھیلنے والے کینگروز کا فیڈبیک اہم، ہائی کمشنر

سپرلیگ کھیلنے والے کینگروز کا فیڈبیک اہم، ہائی کمشنر


 کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسلام آباد میں تعینات آسٹریلوی ہائی کمشنر ڈاکٹر جیفری شا نے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم کے پاکستان آنے کا فیصلہ کرکٹ آسٹریلیا کا ہوگا۔ پاکستان سپر لیگ میں آسٹریلین کرکٹرز شریک ہوں گے ، جو اعتماد کی بحالی میں اہم کردار ادا کریں گے ۔ آسٹریلوی کھلاڑی پاکستان آرہے ہیں وہ جو فیڈ بیک دیں گے اس کا اہم کردار ہوگا۔ انہوں نے منگل کو کراچی میں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کا دورہ کیا اور پلیئرز سے ملاقات کی۔ ان کے ہمراہ پاکستانی چیف سلیکٹر عروج ممتاز بھی موجود تھیں۔ ہائی کمشنر نے کھلاڑیوں کئے آئی سی سی ویمن ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے قبل نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ ڈاکٹر جیفری شا نے پاکستانی کرکٹر ندا ڈار سے ان کے آسٹریلیا کے تجربات کے بارے میں پوچھا۔ عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ کراچی میں ڈاکٹر جیفری شا کو پاکستان ویمن ٹیم کے کیمپ میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ ورلڈ کپ ایک بڑا ایونٹ ہے سب کی نظریں اس پر ہوتی ہے۔ امید ہے پاکستان ویمن ٹیم ورلڈ کپ میں اچھا پرفارم کرے گی۔ پاکستان خواتین ٹیم کی جانب سے آسٹریلیا میں بش فائر سے ہونیوالے نقصانات پرافسوس کا اظہار کرتے ہیں۔ ڈاکٹر جیفری شانے کہا کہ آسٹریلیا میں خواتین کو مردوں کے مساوی پرائز منی دی جاتی ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا نے ورلڈ کپ کیلئے اچھے اقدامات کئے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ شاندار مقابلے ہوں گے۔ ہم دنیا بھر سے کرکٹ پرستاروں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ آسٹریلیا آکر ورلڈ کپ ضرور دیکھیں۔ پاکستان نے کرکٹ کو کئی رول ماڈل دیے ہیں، یہ خواتین کھلاڑی بھی مستقبل کیلئے اچھی مثال قائم کریں گی۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے کہا کہ بش فائر کے بعد آسٹریلیا نے کافی ہمت کا مظاہرہ کیا ہے۔

تازہ ترین